ایم ڈی واٹربورڈکاافسران سے کرپشن نہ کرنے کا حلف

September 12, 2015 2:16 pm0 commentsViews: 15

مصباح الدین فرید نے چارج سنبھالتے ہی افسران کو ہائیڈرنٹس سے پندرہ کروڑ کی ریکوری کا ٹاسک دے دیا
فراہمی و نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں، افسران کو ہدایت
کراچی (رپورٹ۔فرید عالم) مصباح الدین فرید نے ایم ڈی واٹر بورڈ کا چارج سنبھال لیا‘ چارج سنبھالتے ہی افسران کا اجلاس طلب‘ ہائیڈرنٹس سے 15کروڑ روپے ریکوری کا ٹاسک دیدیا‘ تمام محکموں کے افسران سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لیا گیا‘ فراہمی و نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ‘ تفصیلات کے مطابق مصباح الدین فرید نے ادارہ فراہمی و نکاسی آب میں ایم ڈی کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں‘ سندھ حکومت نے اس حوالے سے گزشتہ روز احکامات جاری کئے تھے مصباح الدین فرید اس سے قبل بھی ایم ڈی واٹر بورڈ کے عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں گزشتہ روز ایم ڈی واٹر بورڈ کا چارج سنبھالتے ہی مصباح الدین فرید نے تمام محکموں کے افسران کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا‘ اس موقع پر افسران سے کرپشن نہ کرنے کیلئے مصباح الدین فرید نے ہاتھ اٹھواکر حلف لیا‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائیڈرنٹس سے15 کروڑ ماہانہ ریکوری ہر صورت حاصل کی جائے اس کے لئے متعلقہ افسران کو ٹاسک دیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تمام چیف انجینئرز اور ڈی ایم ڈیز بھی موجود تھے اس موقع پر واٹر بورڈ میں بد عنوانیوں کے خاتمے کیلئے مصباح الدین فرید نے اجلاس میں افسران سے ہاتھ اٹھواکر حلف لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی اجلاس میں نکاسی آب کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید نے تمام چیف انجینئرز کو ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ مصباح الدین فرید وہ واحد سرکاری افسر ہیں جنھوں نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف کھل کر آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک انتظامیہ کا اصل چہرہ بھی عوام کو دکھانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

Tags: