صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث ملزم تین ساتھیوں سمیت گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

September 14, 2015 4:56 pm0 commentsViews: 40

چاروں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور انتہائی تربیت یافتہ ہیں، اسلحہ برآمد
مرکزی ملزم کی گرفتاری نارتھ کراچی اور دیگر تین ملزمان کو صدر سے حراست میں لیا گیا
بلال کالونی سے پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار
کرائم رپورٹر) سی ٹی ڈی پولیس نے نارتھ کراچی میں صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موبائل فون بر آمد کر لئے جب کہ پولیس کی دیگر کارروائیوں، میں2 ٹارگٹ کلرز بھی پکڑے گئے۔ سی ٹی ڈی پولیس کے ذرائع کے مطابق صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری نارتھ کراچی سے عمل میں آئی جب کہ بعد میں اس کی نشاندہی پر اس کے تین ساتھیوں کو اقبال پلازہ صدر سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ چاروں ملزمان کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ انتہائی تربیت یافتہ ہیں ادھر بلال کالونی پولیس نے پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایک ملزم شہاب انجم کو گرفتار کرکے پستول، دستی بم اور مسروقہ موٹر سائیکل بر آمد کر لی۔ جبکہ انوسٹی گیشن پولیس ملیر نے ملزم فرحان کو گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم فرحان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور وہ اپنی مخالف سیاسی جماعت کے کارکن کے قتل میں ملوث ہے۔

ٹھٹھہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لوٹنے والا ٹھگوں کاٹولہ گرفتار
درزی کی دکان سے 3افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اے ٹی ایم کارڈ اور تین لاکھ روپے نقدبرآمد
ملزمان غریب بیوہ خواتین کو بے وقوف بنا کر ان سے اے ٹی ایم کارڈ حاصل کرکے رقم نکلواتے تھے،غریب خواتین کا تھانے کے باہر احتجاج
ٹھٹھہ( نیوز ڈیسک) سندھ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سب سے بڑا فراڈ پکڑا گیا۔ ٹھٹھہ پولیس نے ٹھگوں کے ٹولے کو گرفتار کرکے سندھ کے مختلف اضلاع سے غریب عورتوں کے600 بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اے ٹی ایم کارڈ ایک سو سے زائد شناختی کارڈ تین لاکھ روپے نقد مختلف بینکوں کے چیک بر آمد کرکے ٹھگوں کے ٹولے سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ ایک ٹھگ فرار ہوگیا، تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ پولیس نے شہر کے شاہ کمالی درگاہ کے قریب ایک درزی کی دکان پر چھاپہ مار کر تین افراد رسول بخش عرف شنتی سموں، بلاول مغل عبدالحمید جوگھیو کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ افراد غریب و بیوہ عورتوں کو بے وقوف بنا کر ان سے اے ٹی ایم کارڈ حاصل کرکے بینکوں سے رقم نکلوا کر خود ہضم کر لیتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، بدین، مٹیاری اور دیگر اضلاع کی عورتوں کے کارڈ بر آمد ہوئے۔ ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع ملنے پر سیکڑوں عورتیںپولیس اسٹیشن پر احتجاج کر رہی ہیں کہ ان کے بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ واپس کرائے جائیں۔ دوسری جانب ملزمان کو رہا کرانے کیلئے اہم شخصیات بھی سر گرم ہوگئی ہیں۔

مفتی شامزئی سمیت16افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار
لائنزایریا سے گرفتار ملزم وصی حیدر نے 2005میں مفتی نظام الدین شامزئی سمیت دو افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے
مفتی عبدالمجید دین پوری،حافظ احسان اور محمد صالح محمدقاضی کو بھی ملزم نے نشانہ بنایا، حساس ادارے مزید پوچھ گچھ کررہے ہیں
ملیر میں ٹارگٹڈآپریشن،متحدہ کے 10کارکنان گرفتار، نیو کراچی سے سنی تحریک کا سیکٹر انچارج پکڑا گیا، متعددافراد کے قتل کا اعتراف
کراچی(کرائم رپورٹر)حساس اداروں اور ایف بی صنعتی ایریا پولیس نے مشترکہ طور پر فیڈرل بی ایریا بلاک 21سینٹرل شاپنگ مال کے قریب مقابلے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ لائنز ایریا سیکٹر کے مبینہ ٹارگٹ کلر وصی حیدر ولد حسن رضاکو گرفتار کرکے ایک ٹی ٹی پستول اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کر نے کا دعویٰ کیا ،پولیس نے دعوی کرتے ہوئے بتایاکہ وصی حیدر کی گرفتار ی کیلئے پولیس ،رینجرز اور حساس ادارے کافی عرصے سے تلاش میں تھے ،ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 16افراد سے زائد افراد قتل کرنے ،بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کا انکشاف کیا ہے ملزم وصی حیدر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 2005میں بنوری ٹائون کے مفتی شامزئی سمیت2افرادکو قتل ،2007میں لائنز ایریا میں کباڑی صفد رکو بھتہ نہ دینے پر قتل کیا ،2009میں لائنز ایریا جرمن ہوٹل کے قریب ایس ایچ او بریگیڈ انسپکٹر ناصرالحسن ،2010میں لائیز ایریا حسینی امام بارغاہ کے قریب عبدالشکور،2011میں ہائی کورٹ کے ملازم بشیر احمدکو صدر لکی اسٹار،2011میں لائنز ایریامیں نسیم عرف بھنٹا،اور کباڑی رائو گل شیر، 2012میں لائنز ایریا طارق نایابی کے کلینک کے قریب عبدالصمدخان ،2013میں اہلسنت والجماعت کے کارکن عمران اورحقیقی کے کارکن عادل معراج کو لائنزایریا میں،2013میں شاہراہ فیصل پر علماء کرام عبدالمجید دین پوری ،حافظ محمد احسان اور مفتی صالح محمدقاضی کو قتل کرنے کے علاوہ بھتہ خوری ،اغواء برائے تاوا ن اور پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔رینجرز انٹیلی جنس نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ملیر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 95اور96سے تعلق رکھنے والے دس کارکنان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،حراست میں لئے والوں میں طاہر حسین عرف بلی ،ذیشان مغل ،انصار زیدی ،محمود ،فیضان ،عارف جامنصوری ،شکیل ،اسد،ذکریا اور نوید شامل ہے ،ذرائع کے مطابق انکے قبضے سے بھاری ساختہ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حر است میں لئے جانے والے چند افراد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہے جبکہ چند افراد سہولت کار بتائے جاتے ہے ۔بلال کالونی پولیس نے نیوکراچی سیکٹر فائیو آئی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کیسیکٹر انچارج شہاب انجم ولد وہاب انجم کو گرفتار رکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا ،ایس ایچ او اسلم کھکرانی کے مطابق ملزم پاکستان سنی تحریک کا سیکٹر انچار ج ہے اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر اے ایس آئی سمیت متعددافراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے ۔

رات گئے عید گاہ پولیس نے2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد ، چار ماہ پہلے جیل سے رہا ہو کر آئے تھے
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے عید گاہ پولیس کی کارروائی‘2 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار‘ اسلحہ‘ موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد‘ تفصیلات کے مطابق عید گاہ پولیس نے گارڈن ایونیو فلیٹس کے سامنے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ‘ موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا‘ پولیس نے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرملز ہیں اور مختلف علاقوں میں وراداتیں کرچکے ہیں‘ملزمان اس سے پہلے بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیںاور4 مہینے پہلے جیل سے ضمانت پر رہا ہو کر آئے تھے۔ملزمان کا کہنا ہے کہ اب تک 45 کے قریب اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں کرچکے ہیں۔

 

Tags: