لیاقت آباد میں موٹر سائیکل سوار3 دوستوں پر فائرنگ ، ایک ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاکتیں

September 14, 2015 4:59 pm0 commentsViews: 18

ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ لگتا ہے، بچ جانے والوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، پولیس
جمشید کوارٹر میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی، گلشن میں سیکورٹی گارڈ کو اتفاقیہ چلنے والی گولی لگ گئی
کراچی (کرائم رپورٹر)شہر میں فائرنگ و پرتشدد واقعات میں ایک شہری جاںبحق اور مولانا سمیت 7افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد اپسرا پارٹمنٹ کے قریب لیاقت آباد پل پر نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل سوار تین افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار 22سالہ وسیم ولد خواجہ جاں بحق اور 28 سالہ نیاز ولد ریاض زخمی ہوگیا جبکہ انکا تیسر ا دوست بال بال بچ گیا ،اس اطلاع پر شریف آباد اور گلبر گ پولیس جا ئے وقوعہ پر پہنچ گئی جنھوں نے واقعہ کے بارے میں معلوم کرنے کے بجائے حدود پر تنازعہ شروع کر دیا ،تاہم اعلیٰ افسران کے حکم پر گلبرگ پولیس نے ہلا ک اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ،گلبر گ پولیس نے 174کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ،پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوتا ہے ،تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔ جمشید کوارٹرکے علاقے جمشید روڈ نمبر 2پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 64 سالہ مولانا شمس الزمان ولد محمد اسماعیل کوزخمی کردیا جن کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت قرار دے رہی ہے ۔ رضویہ کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ زوہیب ولد مظفر علی زخمی ہوگیا۔عزیز آباد کے علاقے کریم آباد پل کے قریب فائرنگ سے 18 سالہ راوت خان ولد تازہ خان زخمی ہوگیا۔قائد آباد کے علاقے دائود چورنگی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 34سالہ نامعلوم شخص زخمی ہوا جس کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔گلشن اقبال میں سیکیورٹی گارڈ محمد حسین ولد رحیم رائفل صاف کررہا تھا کہ اتفاقی طور پر گولی چلنے سے زخمی ہوگیا ۔سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں لوٹ مار کے دوران ملزمان نے چھری کے وار کرکے 35سالہ اشفاق کو زخمی کردیا ۔

سپر ہائی وے انصاری پل کے
قریب کوچ الٹ گئی، 9 زخمی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) رات گئے سپر ہائی وے انصاری پل پر تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس اور فلاحی اداروں کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں اور کوچ میں سوار 9 زخمیوں کو بقائی ٹول پلازہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کراچی: فائرنگ کے واقعات میں4 افراد زخمی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں4 افراد زخمی ہوگئے۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عائشہ منزل کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 18 سالہ روئیداد خان زخمی ہوگیا۔ اتوار کو علی الصبح جمشید روڈ ایک نمبر پر فائرنگ سے65 سالہ مولانا شمس زخمی ہوگئے۔ گلشن اقبال میں پستول صاف کرتے ہوئے سیکورٹی گارڈ سے فائر ہوگیا جس کے نتیجے میں35 سالہ محمد حسین زخمی ہوگیا۔ بھینس کالونی یوسف عارفانی گوٹھ میں تیز دھار آلے کے وار سے 35 سالہ اشفاق زخمی ہوگیا۔

گلشن اقبال میں فلائی اوور
کے نیچے سے لاش ملی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال میں راشد منہاس فلائی اوور کے نیچے سے45 سالہ شخص کی لاش ملی جو پر اسرار طور پر ہلاک ہوا لاش کو جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ ایس ایچ او گلشن اقبال فاروق سنجرانی نے بتایا کہ جلال الدین ولد خلیل الدین کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔

رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں2گینگ وار کارندوں سمیت3ہلاک
لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں لیاری گینگ وار عزیر گروپ کے دو کارندے پولیس اور رینجرز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے
مارے جانے والے ملزمان سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، مومن آباد میں ایک ملزم مقابلے میں ہلاک، ساتھی فرار ہوگیا
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز اورپولیس نے لیاری اور اورنگی ٹائون میںمبینہ مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے دو کارندوں سمیت3ملزمان کو ہلاک کردیا ۔ہلاک ہونیوالے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ،ملزمان قتل ،بھتہ خوری ،اغواء برائے تاوان ودیگر جرائم میں ملوث تھے ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز انٹیلی جنس اور پولیس نے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ روڈ آدم ٹی والی گلی میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مبینہ مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے دو کارندوں کو ہلاک کردیا جبکہ دعویٰ کیا کہ ان کیتین ساتھی فرار ہوگئے ،پولیس نے انکی لاشیں سول اسپتال منتقل کی ،جہاںایس ایچ او صفدر مشوانی کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاع تھی کہ مذکورہ مقام پر لیاری گینگ وار کے اہم ملزمان موجود ہیں جن کی گرفتاری کیلئے رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا اور علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کو اپنی طرف آتے دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے ، جوابی فائرنگ سے دو ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے ، ملزمان کی شناخت 25 سالہ عدنان بلوچ اور 30 سالہ ساجد عرف گنجا کے ناموں سے ہوئی ، ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ گروپ سے تھا ، رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد پرانا گولیمار کے پاس عذیربلوچ گروپ کے کارندے تھے جو اقدام قتل ، اغواء برائے تاوان ، بھتہ خوری سمیت مختلف وارداتوں میں ملوث تھے ، قبل ازیں مومن آباد پولیس نے بسم اللہ کالونی قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے میں 37 سالہ عبدالوہاب ولد عبدالقیوم کو ہلاک کردیا ،جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ایس ایچ او صابر خٹک نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ مذکورہ مقام پر پولیس اسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان کورکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جبکہ اسکا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا، ہلاک ہونے والا ملزم اقدام قتل ، اغواء برائے تاوان ، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم سمیت 47 مقدمات میں پیرآباد اور سائٹ اے تھانے میں مطلوب تھااور وہ پٹھان کالونی کا رہائشی اور علاقے میں ڈان کہلاتاتھا ۔

شارع فیصل پر کار فٹ پاتھ سے
ٹکرا کر الٹ گئی، 5افراد زخمی
کراچی(کرائم ڈیسک)کراچی کی شارع فیصل پر تیز رفتار کار فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی،جس کے باعث5افراد زخمی ہوگئے۔شارع فیصل پر نرسری کے قریب ڈرائیور تیز رفتار کار پر قابو نہ رکھ سکا ،جس کی وجہ سے کار فٹ پاتھ سے ٹکراگئی۔گاڑی الٹنے سے 5 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے ۔

تیز رفتار گاڑیوں سے کچل کر 3 افراد ہلاک، ایک ٹرین سے کٹ کر چل بسا
سائٹ کے علاقے ولیکا چورنگی پر تیز رفتار کوچ الٹ گئی، ایک شخص ہلاک، چھ زخمی ہو گئے
لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر فرید ایکسپریس کی زد میں آکر18 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)شہرقائد میں ٹریفک حادثات و یگر واقعات میں 4افراد جاں بحق اور 7افراد زخمی ہوگئے ۔ نیپا چورنگی سے ایک شخص کی لاش ملی ،تفصیلات کے مطابق سعیدآباد کے علاقے بلدیہ نیول کالونی میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 25 سالہ کرسچن سام ولد جوزف جاں بحق ہوگیا۔سائٹ اے کے علاقے ولیکا چورنگی کے قریب تیز رفتاری کے باعث بلال کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 28 سالہ ارشد ولد عالم جاں بحق اور چھ افراد معمولی زخمی ہوگئے ،موقع سے بس ڈرائیور فرار ہوگیا، لانڈھی کے علاقے لانڈھی نمبر 6غفور میٹھائی والے کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 18سالہ شرجیل ولد اشرف جاں بحق اور 22سالہ سعاد سلیم زخمی ہوگیا ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر پنجاب سے کراچی آنے والی فرید ایکسپریس کی زد میں آکر 18سالہ نامعلوم نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال پہنچائی گئی۔

 

Tags: