کراچی کو دوبارہ امن کا گہوارہ و روشنیوں کا شہر بنائیں گے، لیاقت بلوچ

September 14, 2015 5:05 pm0 commentsViews: 30

گڈاپ سٹی میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب بلدیاتی الیکشن کیلئے نامزد امیدواروں کا اعلان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں انشاء اللہ کراچی کے عوام کو امید، روشن مستقبل اور تبدیلی کی نئی راہیں دیں گے اور جماعت اسلامی عوام کی تائید و حمایت سے شہر کے مسائل حل کرے گی۔ اس شہر کا اصل تشخص بحال کیا جائے گا اور یہ شہرایک بار پھر امن و محبت کا گہوارہ اور روشنیوں کا شہر بنے گا۔ جماعت اسلامی گڈاپ کے مظلوم عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گڈاپ سٹی میں بلدیاتی کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا کنونشن سے اسد اللہ بھٹو، میاں محمد اسلم، حافظ نعیم الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا کنونشن میں جماعت اسلامی کی جانب سے گڈاپ ڈسٹرکٹ میونسپل کونسل کے نامزد امیدواروں کا بھی اعلان کیا گیا اور ڈسٹرک کونسل کے چیئر مین کیلئے عبدالحمید خاصخیلی کو جماعت اسلامی کا امیدوار نامزد کیا گیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ یہ عظیم الشان کنونشن اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پرانے چہروں اور دھوکہ دینے والوں سے نجات چاہتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوم و محروم عوام کا سہارا بنے گی۔

Tags: