ممتاز بھٹو کا بلدیاتی الیکشن آزاد حیثیت سے لڑنے کا اعلان

September 14, 2015 5:04 pm0 commentsViews: 27

بلدیاتی الیکشن کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر وں گا، نواز شریف نے وعدے پورے نہیں کیے
ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سے سمجھوتہ نہ کرنے کا وعدہ بھی پورا نہ کیا گیا، اجلاس کے بعد پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے مرکزی رہنمااور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سردار ممتاز علی بھٹو نے بلدیاتی انتخابات علیحدہ اور آزاد حیثیت سے لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں ہم نے چند نکات اور وعدوں پر اپنی پارٹی نیشنل فرنٹ ضم کرائی تھی،وہ وعدے پورے نہیں کئے گئے، بلدیاتی انتخابات کے بعد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اس ضمن میں سابق سندھ نیشنل فرنٹ کے عہدیداران نے مجھے فیصلے کا اختیار دے دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں سندھ نیشنل فرنٹ کے سابق عہدیداران کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز بھٹو نے کہا کہ ہم نے ڈھائی سال تک نوازشریف کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر اعتماد کیا لیکن ہمارا تجربہ تلخ رہا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا، میرے فرزند امیر بخش بھٹو کو وفاقی مشیر تو ضرور بنایا گیا، لیکن انہیں کوئی قلمدان نہیں سونپا گیا۔ ایک سوال پر ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف میں شامل ہونے کا ہم نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا اور ہمارا قدم جو بھی ہوگا وہ ساتھیوں کے مشورے سے اٹھائیں گے۔

Tags: