شہر میں کتا مار مہم نہیں چلائی جا سکی، سگ گزید گی کے واقعات میں اضافہ

September 14, 2015 5:10 pm0 commentsViews: 2232

خواتین اور بچوں میں خوف و ہراس، شام ڈھلتے ہی آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں حملہ آور ہونے لگے
کراچی(سٹی رپورٹر)شہر قائد میں سگ گزیدگی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ،بلدیہ کراچی کی جانب سے ڈی ایم سیز کو کتا مار مہم کیلئے دیئے گئے کیپسول کے باجود مہم نہ چلائی جاسکی ،شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات سے خواتین اور بچوں میں شدید خوف وہراس ،شام ڈھلتے ہی آوارہ کتے ٹولیوں کی صورت میں حملہ آوارہ ہونے لگے،شہریوں کا وزیر بلدیات ،کمشنر اور ایڈ منسٹریٹر کراچی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گذشتہ کئی سالوں سے آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے مہم نہ چلائے جانے کے باعث شہر میں سگ گزیدگی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر نے گذشتہ دنوں ڈی ایم سیز کے حکام کو ڈیڑھ ہزار سے زائد کیپسول فراہم کئے تھے اور آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کی تھی تاہم ڈی ایم سیز کے نااہل حکام کی جانب سے اس سلسلے میں مہم نہ چلائے جانے کے باعث شہر میں پھرنے والے آوارہ کتے شہریوں کیلئے خطرے کا باعث بن گئے ہیں،شام ڈھلتے ہی ٹولیوں کی شکل میں شہر کی اہم شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں پر آوارہ کتوں کی بہتات سے خواتین اور بچوں میں شدید خوف پھیل رہا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کیماڑی کے علاقے میں بھی درجنوں بچے سگ گزیدگی کا شکار ہوچکے ہیں اسی طرح چند روز قبل ضلع وسطی کے علاقے ایف سی ایریا میں بھی سگ گزیدگی کا واقعہ رونما ہو چکا ہے،اسی طرح ضلع کورنگی،شرقی،اور جنوبی میں بھی آوارہ کتوں کی بہتات سے شہریوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے تاہم ڈی ایم سیز کے حکام کو تمام تر صورتحال کا علم ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

Tags: