ضلع وسطی میں بلدیہ افسران کی سرپرستی میں تجاوزات کی بھرمار

September 14, 2015 5:11 pm0 commentsViews: 21

حیدری، کریم آباد، حسین آباد، ناگن چورنگی اور یوسف پلازہ سمیت کئی علاقوں میں تجاوزات قائم ہیں
نارتھ کراچی مسلم ٹائون اور واٹر پمپ پر قائم موٹر سائیکل مارکیٹ شہریوں کیلئے عذاب بن گئیں
کراچی(سٹی رپورٹر)بلدیہ کراچی تجاوزات کے خاتمے جبکہ ضلع وسطی قیام میں مصروف،محکمہ ٹیکسیشن کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے نارتھ کراچی مسلم ٹائون اور واٹر پمپ پر قائم موٹر سائیکل مارکیٹ شہریوں کیلئے اجیرن بن گئی،ضلع وسطی کے افسران کی مبینہ آشیر باد سے حیدری،کریم آباد،حسین آباد،ناگن چورنگی، یوسف پلازہ مارکیٹ سمیت درجنوں علاقوں میں تجاوزات قائم، ایڈ منسٹریٹر کراچی کے حکم پربلدیہ کراچی محکمہ انسداد تجاوزات کی شروع کی گئی مہم ناکام ہونے کا خطرہ،شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈ منسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی کے احکامات پر شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی شروع کی گئی مہم ضلع وسطی میں بری طرح ناکام ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے،ذرائع کے مطابق بلدیہ کراچی تجاوزات کے خاتمے جبکہ ضلع وسطی تجاوزات کے قیام کی مہم چلانے میں مصروف ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی محکمہ ٹیکسیشن کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے تجاوزات قائم کی جارہی ہیں جس کے باعث بلدیہ کراچی کی مہم بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گئی ہے،ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی مسلم ٹائون اور واٹر پمپ پر قائم کی گئی موٹر سائیکل مارکیٹ شہریوں کیلئے اجیرن بن کر رہ گئی ہیں موٹر سائیکل مکینکس نے 80 فیصد سڑک پر قبضہ کر رکھا ہے جس کے باعث ٹریفک گزرنا محال ہوکر رہ گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی کے افسران شہریوں کی شکایات کے باوجود مبینہ طور پر مک مکا کر کے پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں،اسی طرح کریم آباد،حسین آباد،عائشہ منزل،حیدری،ناگن چورنگی ،یوسف پلازہ مارکیٹ سمیت دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم ہیں،بلدیہ کراچی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا اختیار ڈی ایم سیز کے پاس نہیں اس کے باوجود مختلف چالان جاری کر کے تجاوزات کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔

Tags: