خاتون سمیت 2 افراد کی لاشیں ملیں

September 15, 2015 1:40 pm0 commentsViews: 17

فائرنگ سے 2ٹریفک پولیس اہلکاراور میاں بیوی سمیت 10 افراد زخمی
پاک کالونی میں لیاری ندی سے4 روز پرانی لاش ملی‘ فیڈرل بی ایریا میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد‘ گلا دباکر قتل کیاگیا
کیماڑی میں بحریہ کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل سوارملزمان نے ٹریفک کنٹرول کرنے والے دو اہلکاروں کو گولیاں مار کر زخمی کردیا
گارڈن چوک کے قریب بینک سے پرائز بانڈ لے کر نکلنے والے میاں بیوی کو مسلح ملزمان زخمی کرنے کے بعد فرار پرائز بانڈ بھی چھین لئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں دو مقامات پر خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کر کے قتل کیا گیا۔ شہر میںفائرنگ کے دیگر واقعات میں دوٹریفک پولیس افسراورمیاں بیوی سمیت10افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے جہان آباد چوکی قریب لیاری ندی سے 4روز پرانی لاش برآمد ہوئی ایس ایچ او عرفان آفریدی کے مطابق لاش پانی میں ڈوبی ہوئی تھی جس کی وجہ سے اسکی حالت کافی خراب ہے اور وہ ناقابل شناخت ہے۔ جوہر آبادکے علاقے فیڈرل بی ایریا جوہر آباد بلاک15میں واقع مکان نمبر239 سے 35سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی جس کو تار کی مدد سے گلہ دبا کر قتل کیا گیا۔ ایس ایچ او ذوالفقار حیدر کے مطابق مقتولہ کی شناخت 35سالہ فردوس بی بی دخترمحمد علی کے نام سے ہوئی جو اپنی خالہ کے ہمراہ مذکورہ مکان میں رہائش پذیر تھی۔ڈاکس کے علاقے کیماڑی ایم ٹی خان روڈ نزد بحریہ کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل سوار دو دہشتگردوں نے ٹریفک بحال کروانے والے دو ٹریفک پولیس افسران پراندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ،واقعہ کے وقت مین روڈ پر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور بھگدڑ مچ گئی ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونے والے سب انسپکٹر عمرحیات ولد حق نواز اور اے ایس آئی جمعہ خان ولد وزیر خان کوشدید زخمی حالت میں آغا خان اسپتال منتقل کیا ،ایس او تنویر شاہ نے بتایا کہ مضروب پولیس افسران جیکسن ٹریفک سیکشن میں تعینات تھے اور واقعہ کے وقت ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔گارڈن کے علاقے گارڈن چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مارکے دوران فائرنگ کر کے امیر علی انکی اہلیہ اسماء کو زخمی کردیا جن کو قریبی واقع نجی اسپتال پہنچایا گیا ۔ ایس ایچ او امداد خواجہ کے مطابق میاں بیوی بینک سے پرائز بانڈز لیکر نکلے تھے ۔ملزمان وہ چھین کر فرار ہوگئے تاہم پرائز بانڈز کتنے مالیت کے تھے وہ تو زخمیوں کا بیان لینے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا ۔ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی 100 کوارٹر بنگالی پاڑہ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے دو افراد عبدالکریم اور عبداللہ ولد نور عالم زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال پہنچایا گیا۔سرجانی ٹائون کے علاقے تیسر ٹائون میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 38سالہ نسرین زوجہ حنیف زخمی ہوگئیں جنہیں عباسی اسپتال پہنچایا گیا۔ ایس ایچ او امتیاز جت کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا اور خاتون کے کندھے میں گولی لگی ہے۔ پریڈی کے علاقے موبائل مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد سلیم احمد اور فرحان اسلام زخمی ہوگئے ،جن کو فوری طورپر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ سائٹ اے کے علاقے سائٹ میٹروول کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30سالہ ناصر ولد نذر زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال پہنچایا گیا۔

Tags: