شہر میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف کارروائیاں اچانک روک دی گئیں

September 15, 2015 1:40 pm0 commentsViews: 23

گلستان جوہر‘ ریگل چوک‘ زیب النساء اسٹریٹ‘ صدر اور دیگر علاقوں میں سڑک کے دونوں اطراف تجاوزات قائم کی جارہی ہیں
بعض علاقوں میں دکانداروں نے اپنا سامان دکان سے کئی فٹ باہر رکھنا شروع کردیا‘ شہری اذیت میں مبتلا
کراچی اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب صدیقی کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں اچانک روک دی گئیں۔ شہر میں پھر سے فٹ پاتھوں، سڑکوں کے کناروں پر تجاوزات قائم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ بعض مقامات پر آدھی سڑک کو گھیر لیا گیا ہے۔ جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ غریب آباد، گلستان جوہر، صفورا چورنگی، ایم اے جناح روڈ، صدر، ریگل سے ایمپریس مارکیٹ، شاہراہ عراق، عبداللہ ہارون روڈ، زیب النساء اسٹریٹ، ڈاکٹر دائود پوتہ روڈ، لانڈھی، گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں سڑک کے دونوں اطراف تجاوزات قائم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب نارتھ کراچی پاور ہائوس چورنگی سے 2 منٹ چورنگی تک حیدری مارکیٹ، لیاقت آباد مارکیٹ، واٹر پمپ فیڈرل بی ایریا، کریم آباد، قائد آباد، دائود چورنگی، ملیر کالا بورڈ، ملیر15 نمبر، کورنگی کراسنگ، چورنگی، کیماڑی حسین بخش روڈ، طارق روڈ، بہادر آباد، سمیت متعدد علاقوں میں نہ صرف ٹھیلے پتھاروں کی بھر مار ہوگئی ہے بلکہ بعض دکانداروں نے اپنا سامان دکان سے کئی فٹ باہر رکھنا شروع کر دیا ہے۔ شہریوں کاکہنا ہے کہ نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے آنے کے سے صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔ بلدیہ عظمیٰ اور ڈی ایم سیز کا عملہ عارضی کارروائی کرتا ہے جس کے کچھ دیر بعد دوبارہ تجاوزات قائم ہوجاتی ہیں۔

Tags: