تحریک انصاف کا مزدور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

September 15, 2015 1:58 pm0 commentsViews: 31

عمران خان کی قیادت میں تحریک کا آغاز کراچی سے ہوگا، اشرف سوہنا کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کے ایڈوائزر اشرف سوہنا نے اعلان کیا ہے کہ محنت کشوں کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل اور لیبر قوانین پر عملدر آمد کیلئے تحریک انصاف جلد چیئر مین عمران خان کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی مزدور تحریک چلائے گی جس کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سید حفیظ الدین، نمروز خان، سر بلند خان و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اشرف سوہنا نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاقی حکومت پر دبائو ڈالے کہ اس نے چار سالوں سے سندھ کے کروڑوں روپے کے جو فنڈز روکے ہوئے ہیں وہ فوری جاری کرے اور لیبر قوانین پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے کیونکہ ان قوانین پر عملدر آمد نہ ہونے سے مزدور طبقہ مسائل و مشکلات کا شکار ہے۔