نیب اور FIA کی کارروائیاں روکنے کیلئے آئینی راستہ اختیار کرینگے وزیر اعلیٰ سندھ

September 15, 2015 1:56 pm0 commentsViews: 18

معاملہ اپیکس کمیٹی میں اٹھایا ہے اور وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا مگر ہمارے تحفظات دور نہیں کئے گئے
کرپشن کے خلاف تحقیقات کرنا صوبائی حکومت کا معاملہ ہے‘ سید علی بخش شاہ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے کی صوبے میں کارروائیاں سندھ پر حملہ اور غیر قانونی ہیں اور یہ صوبائی خود مختاری کی بھی خلاف ورزی ہے ان کارروائیوں کو روکنے کیلئے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ ان کارروائیوں کے خلاف معاملہ وفاقی ایپکس کمیٹی میں اٹھایا ہے اور وزیر اعظم کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا ہے لیکن وفاقی حکومت نے ابھی تک ہمارے تحفظات دور نہیں کئے ہیں وہ پیر کو سید علی بخش شاہ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کے وزراء وفاقی حکومت کو دھمکیاں دیتے پھر رہے ہیں آخر یہ معاملہ کیا ہے اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تنگ آمد بجنگ آمد انہوں نے کہا کہ صرف سندھ میں کرپشن ہونے کا تاثر دینا درست نہیں ہے۔ کرپشن کے خلاف پورے مل میں یکساں کارروائیاں ہونی چاہئے۔ کرپشن کے خلاف تحقیقات کرنا صوبائی حکومت کا معاملہ ہے صوبے میں اینٹی کرپشن کے محکمے موجود ہیں۔ صوبے میں کرپشن ہو یا بد انتظامی اس حوالے سے کسی کی شکایت پر ہم خود کارروائی کریں گے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیں یہ بتائے کہ نیب اور ایف آئی اے صرف سندھ میں ہی کیوں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کو اس معاملے کا نوٹس لے کر اسے حل کرنا چاہئے۔ ایک سوال پر قائم علی شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سیاست میں انتہا تک چلے گئے ہیں اس لئے ان سے بات چیت نہیں ہو سکتی، اس موقع پر فریال تالپور نے کہا کہ کرپشن اور دیگر معاملات پر کارروائی کرنا وزیر اعلیٰ سندھ کا اختیار ہے۔ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج وزیر اعلیٰ ہائوس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، صوبے میں قومی ایکشن پلان پر عملدر آمد اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا۔

Tags: