پپو شاہ فنکشنل لیگ چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے

September 15, 2015 1:59 pm0 commentsViews: 22

آصف زرداری اور بلاول کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، فریال تالپور کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سابق وزیر اور بدین کی ممتاز سیاسی شخصیت سید علی بخش شاہ عرف پپو شاہ نے اپنی اہلیہ سابق سینیٹر یاسمین شاہ کے ہمراہ مسلم لیگ فنکشنل کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیاہے۔ یہ اعلان انہوں نے پیر کو اپنی رہائش گاہ پر وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور وزیر بلدیات سید ناصر شاہ بھی موجود تھے، سید پپو شاہ نے کہا کہ آج میں اپنی اہلیہ اور ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر رہا ہوں پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے جس میں اچھے اور خاندانی لوگوں کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو اور شریک چیئر مین آصف زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتا ہوں اور ان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ اور فریال تالپور کے ساتھ مل کر کارکن کی حیثیت سے کام کروں گا ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو ذوالفقار مرزا کے متبادل کے طور پر پیپلز پارٹی میں شامل کیا گیا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ذوالفقار مرزا کوئی جن بھوت نہیں ہے کہ وہ سیاسی قسمت آزما رہے ہیں اور میں اپنی سیاسی قسمت آزمائوں گا۔