دہشت گردوں اور انسانی اسمگلروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، چوہدری نثار

September 15, 2015 2:09 pm0 commentsViews: 25

ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو دہشت گردوں کے مالی فنڈز کی نگرانی کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی ہدایت
وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلروں کے بارے میں رپورٹ پیش کر دی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک )وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انسانی اسمگلر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ، جو لوگ ملک کی نیک نام کی راہ میں رکاوٹ ہونگے انہیں کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی ،ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک دہشت گردوں کے مالی فنڈز کی نگرانی کے لئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھائیں ،اداروں کے درمیان تعاون سے ملک بھر سے دہشت گردی ،بدعنوانی اور انسانی سمگلنگ کا سد باب آسانی سے ممکن ہے ،پیر کے روز یہاں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت امن او امان اور کرپشن کے خاتمے اور جاری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ہو ا۔جس میں ، اسلام آباد ،پنجاب اور بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نیکٹا ،اسٹیٹ بینک سمیت وزارت داخلہ کے دیگر اعلی ٰحکام نے شرکت کی ، اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے ملک بھر میں کرپشن اورامن امان کے حوالے سے کی گئی کارروائیوں پر بریفنگ دی اور ایف آئی اے نے اجلاس میں انسانی اسمگلنگ سے متعلق کارروائیوں پررپورٹ پیش کی جس پر وزیر داخلہ نے اطمینان کا اظہار کیا ، اجلاس کے شرکاء نے ملک بھر سے بد عنوانی کے خاتمے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا اعادہ کیا ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جو لوگ ملک کی نیک نامی کی راہ میں رکاوٹ ہوں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ،ملک بھر میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف گھیراتنگ کر کے بلاتفریق کارروائی کی جائے ، ایسے لوگ ضرورت مند اور معصوم لوگوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں ، وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دہشت گردوں کے مالی فنڈز کاسد باب کرنا ضرور ی ہے ۔

Tags: