پی آئی اے کے فلائٹ منیجر منی لائڈرنگ کے الزام میں گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

September 15, 2015 2:19 pm0 commentsViews: 22

ایف آئی اے نے مزید تفتیش شروع کر دی، ملزم پر ادویات بھی اسمگل کرنے کا الزام ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) ایف آئی اے نے پی آئی اے کے فلائٹ منیجر کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا‘ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پی آئی اے میں بد عنوان افسران کیخلاف تحقیقات کے ساتھ ساتھ گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ایف ائی اے نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ڈیفنس میں ملزم کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا‘ مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے‘ واضح رہے کہ خالد امین پر انسانی جان بچانے والی ادویات کی اسمگلنگ کا بھی الزام ہے۔

24 گھنٹے میں 90 جرائم پیشہ افراد گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں24گھنٹے کے دوران90جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔کراچی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق ضلع سائوتھ ،ایسٹ ،ویسٹ ،وسطی اور سی آئی اے پولیس نے شہر کے مختلف علاقوںمیں 72چھاپے اور مقابلوں کے بعد 90ملزمان کو گرفتار کرلیاجن میں دو دہشتگرد،مفرور و اشتہاری،منشیات فروش،ڈکیت اور قتل میں ملوث ملزمان بھی شامل ہیں۔

قومی ایئرلائن منیجر خالد امین
کرپشن کے الزام میں گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے قومی ایئرلائن کے منیجر خالد امین کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیاہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی اداروں کی کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔گزشتہ روز ایف آئی اے نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے منیجر خالد امین کو ادارے میں کرپشن کے ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ملزم پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔ملزم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔

محمود آباد سے مبینہ ٹارگٹ کلر عمران عرف مکینک گرفتار
ملزم کے ایم سی کے محکمہ باغات کا ملازم اور قتل ، بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے، پولیس
قائد آباد پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ایک کلو چرس برآمد کر لی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوںمیں چھاپے ،مقابلے اورٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مبینہ ٹارگٹ کلر اورچار زخمی ڈاکو سمیت10ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق محمودآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ محمود آباد سیکٹر سے تعلق رکھنے والے مبینہ ٹارگٹ کلر عمران عرف مکینک کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ،ایس پی کلفٹن امجد حیات اور ایس ایچ اوسرور کمانڈونے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ ملزم عمران عرف مکینک کے ایم سی کے محکمہ باغات کا ملازم ہے اور متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن ہے اس نے دوران تفتیش 2012میںناظم آباد نمبر2العباس ہوٹل کے قریب اپنے ساتھیوں اعجاز ،بابر،سمیر،عدیل اور ہارون کے ساتھ ملکر عوامی نیشنل پارٹی کے دوکارکنان کو قتل کیا جبکہ 2010میں پارٹی کی ہڑتال کے دوران پاپوش نگر میں کھولے جانے والے ہوٹل پر فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا جبکہ بھتہ خوری و دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے ،تاہم تفتیش جاری ہے ۔گلبہار پولیس نے خاموش کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان یوسف سوھنی اور اوستن جاوید عرف سنی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔قائد آباد پولیس نے دائو د چالی پر چھاپہ مار کر تین منشیات فروش شاہد وحید ،زمان اکبر اور عرفان اللہ زادہ کو گرفتار کرکے ایک کلو چرس برآمد کرلی ۔عیدگاہ پولیس نے گارڈن کے علاقے میں مقابلے کے بعدزخمی حالت میں ملزم شہریار انوار کو گرفتار کرلیا ۔ گلشن اقبال پولیس نے بلاک 7میں لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان محمد عمر اور محمد عثمان کو مقابلے کے دورن زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جن کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 13سی میں مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم سلمان انور کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔

 

Tags: