سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل مل میں آتشزدگی، لاکھوں کا نقصان

September 15, 2015 2:20 pm0 commentsViews: 39

ناظم آباد میں سپر اسٹور اور بنارس پل کے قریب جوتوں کی دکان میں آگ لگ گئی
کراچی (کرائم رپورٹر)شہرقائدکے تین مختلف مقامات پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ، آتشزدگی کے واقعات میںلاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب اچانک سائٹ بی کے علاقے سائٹ ایریا میں نورس کمپنی کے قریب قائم ٹیکسٹائل مل کے مشین ڈپارٹمنٹ میں اچانک آگ لگ گئی تھی جس کی اطلاع پرفائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہدکے بعد آگ پر قابوپایا ،فائربریگیڈ کے ترجمان کے مطابق آگ مشین میں لگی تھی ایک مشین مکمل طور پر جل گئی جبکہ دوسری مشین کو جزوی نقصان پہنچا اور دیگر 10مشینوں کو جلنے سے بچالیا گیا، انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے باعث وہاں موجود فرنیچر کو بھی نقصان پہنچا تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔دوسرا واقعہ پیر کی صبح ناظم آباد میںپیش آیا ناظم آباد نمبر 4 میں واقع سپر اسٹور کے ائیر کنڈیشنر میں اچانک آگ لگ گئی جو پھیلتے ہوئے اسکے کیش کائونٹر تک چلی گئی ۔پیر آباد کے علاقے بنارس پل کے قریب قائم پشتون مارکیٹ میں واقع جوتوں کی دکان میں شار ٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی ، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر نصف گھنٹے کی جدوجہدکے بعد آگ پر قابو پایا گیا ، فائر بریگیڈ کے مطابق آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ۔

Tags: