آئندہ 2برسوں میں ریکارڈ گرمی پڑ سکتی ہے

September 15, 2015 2:29 pm0 commentsViews: 25

گرین ہائوس گیسوں کے اخراج پر ماحولیات میں تبدیلیاں شروع ہوگئی ہیں، برطانوی محکمہ موسمیات
2015اور2016 کا شمار سب سے گرم ترین سالوں میں ہوگا، پروفیسر ردان سٹن
لندن(این این آئی)برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آنے والے دو برسوں میں عالمی سطح پر ریکارڈ گرمی ہو سکتی ہے،محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج کے سبب ماحولیات پر پہلے ہی اس طرح کی تبدیلیاں ہونی شروع ہوگئی ہیں جن سے ماحول کا قدرتی نظام متاثر ہو رہا ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والے تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آئندہ دو برسوں میں جب زمین گرم ہونا شروع ہوگی اس دوران برطانیہ میں موسم گرما میں شدید گرمی نہیں ہوگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سائنسدانوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس برس یعنی2015 میں زمین کا اوسطا درجہ حرارت ریکارڈ سطح کے قریب ہے جو کہ0.68سینٹی گریڈ ہے۔محکمہ موسمیات کے ہیڈلی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر سٹیفین بیلچرنے کہاکہ ہمیں معلوم ہے قدرتی طور پر ہونے والی تبدیلیوں کا عالمی درجہ حرارت پر اثر پڑتا ہے لیکن اس برس ابھی تک جو گرمی میں اضافہ ہوا ہے اس کے لیے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج ذمہ دار ہے۔یونیورسٹی آف ریڈنگ کے پروفیسر وان سٹن کا کہنا ہے ‘ایسا لگتا ہے کہ 2014‘ 2015 اور 2016 کا شمار سب سے گرم ترین سالوں میں ہوگا۔

Tags: