قومی ادارے فروخت کرکے حکمران ملک کو ٹھیکے پر دینا چاہتے ہیں‘ سراج الحق

September 15, 2015 2:33 pm0 commentsViews: 28

حکومت من پسند افراد کو نواز نے کیلئے قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا چاہتی ہے‘ ادارے اونے پونے فروخت کرنے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کرینگے
حکمران ملک کو لاوارث نہ سمجھیں امیر جماعت اسلامی کی نیشنل لیبر فیڈریشن کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت
کراچی(سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت من پسند افراد کو نوازنے کے لیے قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا چاہتی ہے ۔ قومی اداروں کو اونے پونے بیچنے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کریں گے ۔ گزشتہ ادوار میں کی گئی نج کاری کا قوم کو ابھی تک کوئی حساب نہیں دیا گیا ۔ مزدوروں کے استحصال اور روزگار چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ حکمران نج کاری کے نام پر اداروں کو فروخت کرکے ملک کو ٹھیکے پر دیناچاہتے ہیں ۔ حکمران مزدوروں کو لاوارث نہ سمجھیں ، جماعت اسلامی مزدوروں اور پسے ہوئے طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے اورعوام کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر رانا محمو د علی کی قیادت میں ملنے والے مزدوروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نج کاری قومی یا ملکی مفاد میں نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے حکم پر کی جارہی ہے۔پاکستان اسٹیل ملز،پی آئی اے ،او جی ڈی سی ،پاکستان ریلوے سمیت 68قومی ادارے اونے پونے بیچنے کا منصوبہ ہے۔زیادہ تر اداروں کی خریداری میں حکومت میں شامل لوگ دلچسپی لے رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ نجکاری شفاف نہیں بلکہ سفارشی بنیادوں پر ہوگی ۔انہو ں نے کہاکہ پی ٹی سی ایل میں نجکاری سے قبل 62ہزا ر ملازمین تھے اور سالانہ 14ارب روپے قومی خزانے کو منافع ملتا تھا مگر نجکاری کے بعد 44ہزار ملازمین کو فارغ کردیا گیا ،قومی خزانے میں صرف چار ارب روپے جمع ہوئے جبکہ ادارے کی اربوں ڈالر مالیت کی زمین اور اثاثے کوڑیوںکے مول اتصالات کے حوالے کردیئے گئے ۔یہ نجکاری کی دیگ کا ایک چاول ہے ۔نجکاری کی دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری کی ساری دال کالی ہے اور شفاف اور غیر جانبداری کے تمام دعوے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے ۔نجکاری کا مقصد کرپشن کے نئے در کھولنا ہے۔

Tags: