وفاق پر سندھ کی گیس دوسرے صوبے کو دینے کے الزامات بے بنیاد ہیں، وزیر پیٹرولیم

September 15, 2015 2:36 pm0 commentsViews: 29

مراد علی شاہ نے جو باتیں کی ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتیں، الزمات افسوسناک اور شرمناک ہے
سندھ حکومت گیس کے حوالے سے ابہام کو دور کرنے کیلئے تیار ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد( صباح نیوز) پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ کے وزیر توانائی وخزانہ مراد علی شاہ نے جو باتیں کی ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتیں، ان کے الزامات افسوسناک اور شرمناک ہیں۔ گزشتہ روز وزارت پیٹرولیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم سندھ کی گیس کسی کو نہیں دے رہے۔ اس حوالے سے ابہام دور کرنے کو تیار ہیں۔ در آمد شدہ ایل این جی کراچی میں ہی استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی جہاں یہ معاملہ اٹھایا گیا تھا اور ان کے سامنے ایل این جی کا معاملہ کلیئر کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی در آمد پر کرپشن کا الزام شرم کی بات ہے۔ سندھ کے وزیر خزانہ نے وہ زبان استعمال کی جو انہیں زیب نہیں دیتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل این جی کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔ ایل این جی کی مقدار کے برابر گیس سندھ سے پنجاب منتقل کی جاتی ہے اور یہ طریقہ کار معمول کے مطابق ہے۔

Tags: