تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، زرداری

September 16, 2015 3:36 pm0 commentsViews: 21

طاقتور اداروں کی دیگر اداروں میں دخل اندازی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے
ہمیں دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جنگ کرنی چاہئے، یوم جمہوریت پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی اچھا شگون نہیں ہے، اس لئے تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کریں۔جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جنگ کرنی چاہیے،مسائل سے نمٹتے وقت آئینی حدود اور اختیارات کے اندر رہنا چاہیے، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ جمہوریت انتخابات منعقد کروا کر اقتدار منتقل کرنے کا نام ہی نہیں بلکہ آئین کی حدود کا احترام، شفاف احتساب اور مخالفین کی رائے کا احترام جمہوریت ہے۔ جمہوریت کے دشمن مختلف لبادہ اوڑھ کر سامنے آتے ہیں، اس لئے عوام کو جمہوریت کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا جانا چاہیے،اس کے علاوہ دہشت گرد اور انتہاپسند ذہنیت سے بھی جمہوریت کو خبردار رہنا چاہیے۔

Tags: