جامعہ کراچی میں مالی بحران،3کروڑ کی گرانٹ تنخواہوں پر خرچ ہونے کا خدشہ

September 16, 2015 3:50 pm0 commentsViews: 33

ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کراچی کو سیکورٹی کی مد میں 3کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی تھی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کراچی کو سیکورٹی کی مد میں ملنے والی3 کروڑ روپے کی گرانٹ تنخوا ہ کی مد میں خرچ ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی بحران میں ڈوبی جامعہ کراچی کو سیکورٹی کی مد میں2 ماہ قبل 3 کروڑ روپے دئیے گئے تھے تاہم انتظامیہ اب تک سیکورٹی پلان مرتب کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی پلان مرتب نہ ہونے اور اس کیلئے اقدامات میں تاخیر کے باعث ایک طرف گرانٹ کی واپسی کے امکانات ہیں۔ جبکہ سیکورٹی پلاننگ کیلئے کیمپس ایڈوائزر کے بجائے کنسلٹنٹ سے رجوع کرنے کے بھی امکانات ہیں۔ رجسٹرار ڈاکٹر معظم علی خان کا کہنا تھا کہ جامعہ کی سیکورٹی کے لئے پلان بنایا جا رہا ہے اور جلد سیکورٹی کی مد میں ملنے والی گرانٹ کو صحیح معنوں میں استعمال کیا جائے گا، واضح رہے کہ جامعہ کراچی نے HEC سے کیمروں کی تنصیب ، کنٹرول روم کے قیام اور بیرونی دیواروں کی مرمت سمیت دیگر سیکورٹی اقدامات کیلئے 6 کروڑ روپے کی گرانٹ طلب کی تھی تاہم ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کراچی کو3 کروڑ روپے ادا کئے گئے تھے۔

Tags: