رواں ماہ میں ٹریفک پولیس پرتیسرا حملہ‘ ایک اہلکار زخمی ایک ملزم زخمی حالت میں سول اسپتال سے گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

September 16, 2015 3:52 pm0 commentsViews: 35

نارتھ ناظم آباد میں بورڈ آفس کے قریب ڈیوٹی دینے والے اہلکار پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند گولیاں برسادیں
حفاظت پر مامور اہلکار کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جس کو بعد میں گرفتار کیا گیا زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے
کراچی ( کرائم رپورٹر) بورڈ آفس پر مسلح ملزمان نے ٹریفک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا زخمی اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا مبینہ ملزم سول اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ٹریفک پولیس پر یہ تیسرا حملہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے بورڈ آفس چورنگی پر ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار عبداللہ کالج کی جانب جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر 2 مسلح ملزمان اچانک پہنچے اور ٹریفک اہلکاروں کی حفاظت پر مامور مسلح اہلکار کو گولی مار دی۔ تاہم اہلکار نے زخمی ہونے کے باوجود بہادری کا مظاہری کرتے ہوئے ملزمان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوکر زمین پر گر گیا اور سڑک پر بھگدڑ مچ گئی تاہم ملزم کا ساتھی موٹر سائیکل چھوڑ کر اسے اپنے ہمراہ پیدل لے کر موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام نفری اور رینجرز کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئی اور زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں عباسی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے بتایا کہ زخمی اہلکار کی شناخت40 سالہ جمن ولد غلام رسول کے نام سے کی گئی ہے۔ جو کہ نارتھ ناظم آباد ٹریفک سیکشن میں تعینات ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جائے واردات سے ایک موٹر سائیکل قبضے میں لے لی ہے۔ جس پر نمبر پلیٹ نہیں ہے۔ اور اس کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایک زخمی شخص بلال ولد ظہیر خان سول اسپتال پہنچااور ایم ایل او کو بیان دیا کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع نوائے وقت دفتر کے سامنے مسلح ملزمان نے اسے گولی ماری ہے۔ ایم ایل او کی انٹری پر ایس ایچ او سولجر بازار سول اسپتال پہنچ گئے اور زخمی کے بیان کے مطابق جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے ساتھ معلومات حاصل کی توانکشاف ہوا کہ اس مقام پر کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے جس پر پولیس نے ملزم پر سختی کی تو اس نے بیان بدل لیا۔ اسی اطلاع پر سینٹرل زون کی پولیس بھی سول اسپتال پہنچ گئی اور اسے بطور ملزم ٹریفک پولیس کے متعدد اہلکاروں نے شناخت کرلیا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کی شناخت دوبارہ کروائی جائے گی جبکہ اس کا تعلق اور دیگر معاملات کو بھی جانچا جائے گا۔

لطیف آباد سے میاں بیوی اور 14سالہ بیٹا گرفتار،گھر سے دھماکہ خیزمواد بنانے کاسامان برآمد
حساس اداروں کے ہاتھوں گرفتار شخص کا تعلق سوات سے ہے،ا یک ماہ قبل مکان کرائے پر لیا تھا
چھاپے کے دوران خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا، مالک مکان بھی زیرحراست
حیدر آباد ( نیوز ڈیسک) حساس اداروں نے لطیف آباد کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر دھماکہ خیز مواد اور بم بنانے کا سامان بر آمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی لطیف آباد کے علاقے افضال شاہ گرائونڈ کے قریب کی گئی۔ حساس ادارے نے میاں بیوی اور14 سالہ بیٹے کو گرفتار کرکے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ گرفتار شخص کا تعلق سوات سے ہے۔ انہوں نے ایک ماہ قبل ہی مکان کرائے پر لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے پوچھ گچھ کیلئے مالک مکان کو بھی ساتھ لے گئے۔ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران بھاری بھرکم مقدار میں دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ سے بھرے کئی ڈرم بر آمد کرکے تحویل میں لے لئے۔ چھاپے کے دوران خود کش جیکٹس اور بھاری تعداد میں اسلحہ بھی بر آمد ہوا۔ سیکورٹی اداروں نے دو خواتین سمیت مزید دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

لڑکی سے زیادتی کرنیوالے 2ملزمان گرفتار
محمودآباد سے اسٹریٹ کریمنل گرفتار، اورنگی گلشن ضیاء سے بھی ایک ملزم گرفتار، تین ساتھی فرار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) لڑکی سے زیادتی کرنے والے2افراد سمیت 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ بر آمد کر لیا۔ اقبال مارکیٹ تھانے کی پولیس نے لڑکی سے زیادتی کرنے والے دو ملزمان عمران اور فیصل کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او اعجاز خان کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو ڈرا دھمکا کر اس کے ساتھ زیادتی کی، متاثرہ لڑکی کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے۔ محمود آباد پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ہونے والے ملزم الیاس کو گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کرلیا۔ ملزم نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔ پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹائون گلشن ضیاء میں مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کرلیا جب کہ تین ساتھی فرار ہوگئے۔

شہر میں غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کارروائی،4افرادگرفتار
غیرقانونی پتھاروں اور مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی
کراچی(کرائم رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی کا عوامی کالونی اور بلال کالونی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائیاں،4افراد کو گرفتار کرلیا،جیل اوربھاری جرمانے عائد۔ کمشنر کراچی کے حکم پر کارروائیوں کو مزید ایک دو دن میںتیز کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی عوامی کالونی اور بلال کالونی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی امتیاز ابڑو نے کارروائیاں کرتے ہوئے 4افراد کو حراست میں لے لیا،،اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی امتیاز ابڑو نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد پر جرمانے اورلاک اپ کر دیے گئے ہیں ،انہوںمزید بتایا کہ کمشنر کراچی کے حکم پر غیر قانونی مویشی منڈیاں اور غیر قانونی پتھاروں کے خلاف کارروائیوں کو مزید ایک دو دن میںتیز کیا جائے گا۔

پولیس کی کارروائیوں میں 45ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد
گلشن کے علاقوں میں سرچ آپریشن، گرفتار ملزمان سے موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 45افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق محمودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم الیاس کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔سعید آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صابر نامی شخص کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق کاشف نامی ملزم نے ایک بچے کے ساتھ بد فعلی کی تھی جس کے بعد بچے کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کی تاہم ملزم کاشف مفرور اور پولیس نے اسکے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے اور ملزم ہیکی تلاش میں چھاپے مار ررہی ہے ۔ایس پی گلشن عابد قائمخانی کی ہدایت پرگلشن ڈویژن پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر درویش کالونی اور بہادرآباد میں سرچ آپریشن کیا اس دوران پولیس نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی لی گئی اس دوران پولیس نے کسی بھی شخص کو داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 5 جرائم پیشہ اور 38 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، پولیس کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات ، شراب کی بوتلیں اور پانچ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی۔

مہران ٹائون میں3500غیرقانونی گیس کنکشن کا خاتمہ،2ہوٹل مالکان گرفتار
گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون میں ہزاروں میٹر، لمبے پلاسٹک پائپ اور دیگر سامان کو ضبط کرلیا گیا
نیٹ ورک کے ذریعے سالانہ 41 ملین روپے کی گیس چوری کی جارہی تھی، سوئی گیس ترجمان کا دعویٰ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں سوئی گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون ‘تین ہزار500سے زائد غیر قانونی کنکشن کاٹ دیئے گئے۔ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں سکیورٹی اور یوٹی لائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے پولیس کے ہمراہ غیرقانونی گیس کنکشن والوں کے خلاف کارروائی کی۔کارروائی کے دوران تین ہزار 500 سے زائد غیرقانونی کنکشن کاٹ کر ہزاروں میٹر لمبے پلاسٹک پائپ اور متعلقہ سامان ضبط کر لیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے ذریعے سالانہ41ملین روپے کی گیس چوری کی جا رہی تھی۔پولیس نے دو ہوٹل مالکان عبدالمنان اور عبیداللہ کو بھی گیس چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

 

Tags: