مواچھ گوٹھ میں اتفاقیہ گولی چلنے سے ایئر فورس کا ملازم ہلاک 2 افراد کی پھندا لگی لاشیں ملیں ۔ دیگر حادث و واقعاتات میں مزید ہلاک و زخمی

September 16, 2015 3:52 pm0 commentsViews: 28

پی اے ایف بیس مسرور کااہلکار گاڑی میں کسی کام سے اپنے ساتھی کے ساتھ نکلا تھا‘ اچانک رائفل سے گولی چل گئی
سرجانی میں صدف لان کے قریب سے 50 سالہ شخص کی لاش ملی ماڑی پور سے ملنے والی لاش جھلسی ہوئی تھی
کراچی ( کرائم رپورٹر) مواچھ گوٹھ میں اتفاقیہ گولی چلنے سے ایئر فورس کا ملازم جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ ماڑی پور اور سرجانی سے دو افراد کی پھندا لگی لاشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ پل پر اتفاقیہ گولی چلنے سے پی اے ایف مسرور بیس کا اہلکار 24 سالہ محمد افتخار ولد عبدالستار جاں بحق ہوگیا۔ اس ضمن میں قائم مقام ایس ایچ او فیصل کا کہنا ہے کہ مقتول کسی کام کے سلسلے میں گاڑی میں محسن کے ساتھ نکلا تھا کہ مواچھ گوٹھ پر اپنی رائفل سے اتفاقی گولی چلنے سے جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش مسرور بیس کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے روڈ اسکیم 42 مین روڈ پر تشدد زدہ 40 سالہ شخص کی جھلسی ہوئی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال پہنچایا اس ضمن میں قائم مقام ایس ایچ او اقبال کا کہنا ہے کہ مقتول کو نا معلوم ملزمان نے نا معلوم مقام سے اغواء کرنے کے بعد بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے میں رسی کی مدد سے پھندا ڈال کر قتل کردیا اور لاش کی شناخت چھپانے کیلئے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ قبل ازیں سرجانی ٹائون کے علاقے 5-D صدف لان کے عقب سے تشدد زدہ پھندا لگی 50 سالہ شخص کی لاش ملی۔ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کو نا معلوم ملزمان نے اغواء کرنے کے بعد رسی کی مدد سے پھندا لگا کر قتل کردیا اور لاش کو رات کے اندھیرے میں مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ مقتول کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش شناخت کیلئے ایدھی سرد خانے رکھوا دی ہے۔

میٹرول لیاقت آباد اور اورنگی
میں فائرنگ‘3 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے میٹرول‘لیاقت آباد اور اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی‘ اسپتال منتقل‘ تفصیلات کے مطابق رات گئے میٹرول ‘سائٹ دربار ہوٹل کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے19 سالہ عبدالحکیم ولد عبدالقیوم کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے‘ ادھر لیاقت آباد نمبر 9یونائیٹڈ اسپتال کے قریب رہزنوں کی فائرنگ سے 35 سالہ صفدر ولد وحید بخش زخمی ہوگیا‘ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا‘ پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹائون پختون چوک الیاس الیکٹریشن کے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ محمد اقبال ولد غلام قادر زخمی ہوگیا جسے طبی امددا کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔

گاڑیوں سے کچل کر راہگیرخاتون ہلاک، قاتل ڈرائیور فرار
ٹریفک حادثات قائدآباد اور بلدیہ ٹائون میں پیش آئے، خاتون کی شناخت نہ ہوسکی، پولیس
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے قائد آباد اور بلدیہ ٹائون سوات کالونی میں ٹریفک حادثہ 2 افراد جاں بحق‘ تفصیلات کے مطابق رات گئے بلدیہ ٹائون کے علاقے سوات کالونی خیبر چوک کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے40 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا‘ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کا لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردی‘ پولیس نے بتایا کہ حادثہ سڑک عبور کرتے ہوئے پیش آیا اور اس حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ادھر قائد آباد ایبٹ میڈیسن کمپنی کے سامنے نامعلوم تیز گاڑی نے کچل کر 50 سالہ نامعلوم خاتون کو ہلاک کردیااور فرار ہوگئے‘ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کی شناخت کیلئے ایدھی ہوم منتقل کردی۔

 

Tags: