صدر سے راہگیروں کو تاوان کیلئے اغواء کرنے کا انکشاف

September 18, 2015 4:09 pm0 commentsViews: 22

سفید کار میں سوار 3سے4افراد چیکنگ کے بہانے شہریوں کو اغواء کرلیتے ہیں
اغواء شدہ افراد کے اہل خانہ سے موبائل فون پر ایزی پیسے کے ذریعے بھاری تاوان وصول کرتے ہیں
کراچی( کرائم ڈیسک) پریڈی کے علاقے میں سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا شہریوں کیلئے دہشت کی علامت بن گئی‘ کار میں سوار ملزمان راہگیروں کو مختصر مدت کیلئے اغواء کرکے اہل خانہ سے ایزی پیسہ کے ذریعے تاوان وصول کرتے ہیں۔ ملزمان مغویوں کو لیاری لے جاتے ہیں اور وہیں سے مغوی کے فون کے ذریعے تاوان طلب کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر سمیت ملحقہ علاقوں میں سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار میں سوار 3سے4 افراد جن کے ہاتھ میں واکی ٹاکی ہوتا ہے اور وہ سفید رنگ کی شلوار قمیض میں ملبوس ہوتے ہیں چیکنگ کے بہانے سے راہگیروں کو روک کر زبردستی اپنے ہمراہ کار میں بٹھا کر لیاری لے جاتے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل کار سوار ملزمان نے ایک ایسے شخص کو سرراہ اغواء کرلیا جس کے2بچے کینسر میں مبتلا اسپتال میں زیر علاج تھے۔ کار سوار ملزمان مغوی شخص کو لیاری لے گئے اور اسکے موبائل فون سے اہل خانہ سے ایزی پیسہ کے ذریعے15ہزار روپے دینے کامطالبہ کیا‘ مغوی شخص نے ملزمان کو اپنے بچوں کی حالت اور اپنی مالی حیثیت کے حوالے سے بتایا جس پر انہوں نے اہل خانہ سے2ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے رقم منگوائی جس کے بعد مغوی کو چھوڑ دیا۔

Tags: