نیب سرگرم رانا مشہود سمیت پنجاب کے 3 وزراء کیخلاف کرپشن کی تحقیقات

September 18, 2015 4:10 pm0 commentsViews: 30

ایل ڈی اے سٹی میں بھی مالی اور دیگر بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے‘ ڈی جی نیب پنجاب کی گفتگو
چیئرمین نیب کے زیر صدارت اجلاس میں سابق چیئرمین ایچ آر ای سمیت متعدد شخصیات کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب بیورو نے کرپشن اور بد عنوانی پر وزیر تعلیم رانا مشہود سمیت3 وزراء کے خلاف تحقیقات شروع کر دی جبکہ ادارے کے ایگزیکٹوبورڈ نے متعدد با اثر شخصیات کے خلاف کرپشن انکوائریوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ، ذکا اشرف، عارف حمید اور رانا اسحاق کے خلاف جاری انکوائریاں بند کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب) نے صوبہ پنجاب میں وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود سمیت تین وزراء کے خلاف کرپشن بد عنوانیوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا جمعرات کے روز لاہور میں ڈی جی نیب پنجاب میجر ( ر) سید برہان علی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بھی کرپشن اور مالی بد عنوانیوں پر بلا تفریق کارروائیاں ہوں گی۔ اور اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود کے خلاف شکایات پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے رانا مشہود کی دھرنے کے دنوں میں ایک مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں سنسنی خیز انکشافات کئے گئے تھے جس کے بعد ان کے خلاف مختلف شکایات کی گئیں تھیں اور ان کے علاوہ مزید 2 وزراء کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل ڈی اے سٹی میں مالی اور دیگر بے ضابطگیوں کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں جمعرات کو قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے چیئر مین قمر زمان چوہدری کی صدارت میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں کرپشن اور بد عنوانی پر متعدد اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظور ی دی گئی اور اس حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سابق چیئر مین ایچ آر ای نوید ظفر کے خلاف ملکی خزانے کو ایک ارب84 کروڑ کا نقصان پہنچانے کی شکایت پر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ( ن) لیگ کے ایم این اے افتخار الحسن، سرفراز شاہ اور دیگر کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کے الزام پر کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ اجلاس میں سندھ کے سابق وزیر زراعت علی نواز شاہ، آغا ظفر اللہ درانی، سابق ایم ڈی سندھ کو آپریٹو سوسائٹی عبدالستار لغاری اور پنجاب کے سابق وزیر ظہیر الدین، فیصل آباد کے سابق ناظم اکبر علی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیاگیا۔

Tags: