نیب نے نیشنل بینک کے منیجر سمیت2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید گرفتاریاں

September 18, 2015 4:35 pm0 commentsViews: 21

بینک منیجر نے ایک شخص کو غیر قانونی طریقے سے بھاری قرضہ جاری کیا تھا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو نے دو علیحدہ کارروائیوں میں نیشنل بینک کے منیجر اور ایک مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا‘ تفصیلات کے مطابق نیب کی ٹیم نے نیشنل بینک کے منیجر عبدالطیف بیگ کو گرفتار کرلیا‘ نیب کے مطابق ملزم نے دوران ملازمت غیر قانونی طریقے سے شمیم عالم نامی شخص کو بینک سے بھاری قرضہ جاری کیا تھا‘ نیب کے مطابق شمیم عالم کے خلاف بھی نیب میں تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے کراچی ہی میں دوسری کارروائی کے دوران ملزم عبدالغفار ولد عبدالستار کو گرفتار کرلیا‘ نیب کے مطابق ملزم مقدمہ نمبر 26/2015میں مطلوب تھا اور احتساب عدالت نمبر3 نے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے‘ نیب کے مطابق ملزم نے نجی کمپنی میسرز آئی جی آئی فانکس سیکورٹیز کے نجی بینک مسلم کمرشل بینک سے ایک کروڑ40لاکھ کے فنڈ غیر قانونی طریقے سے اپنے اکائونٹ میں منتقل کردیئے تھے۔ نیب کے مطابق مذکورہ مقدمے میں مزید3 ملزمان بھی مفرور ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ٹارگٹڈ آپریشن کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 87 ملزمان گرفتار‘ بم برآمد
لیاقت آباد میں پولیس نے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو پکڑ لیا‘ ملزم کا اے ایس آئی سمیت 6 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف
جوہر آباد میں خاتون کے قتل کے الزام میں ایک شخص گرفتار‘ ڈیفنس میں 3 ملزمان پکڑے گئے‘ قبضے سے پستول اور چرس برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ،ٹارگٹڈآپریشن اور مقابلے کے بعد دو زخمی سمیت34ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،دستی بم اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ،جبکہ سرچ آپریشن کے دوران52مشتبہ افراد کو حراست میںلیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ،گرفتارہونے والے ملزما ن میں مبینہ ٹارگٹ کلر اور کالعدم تنظیم کے کارندے بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق اتحادٹائون پولیس نے نواب کالونی میں مقابلے کے بعد زخمی حالت میں شاہد غنی اسکے ساتھی عبداللہ کو گرفتار کرکے ایک ٹی ٹی پستول ،ایک رائفل اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآّمد کرلیا جبکہ انکے تین ساتھی فرار ہوگئے ،پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن سے مزیدتفتیش جارہی ہے۔لیاقت آباد پولیس نے سندھی ہوٹل پر ایک خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مبینہ ٹارگٹ کلر عابدعلی عرف ملنگی کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئی ،ملزم نے دوران تفتیش اورنگی ٹائون میں اپنے ساتھی عبداللہ مہاجر،دانش کلیم،آزاد کالیا،اور عمران کے ہمراہ اے ایس آئی جاوید اقبال سمیت6افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے ،تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔پیرآباد تھانے کی محمد پورپولیس چوکی کی پولیس نے پراچہ قبرستان کے قریب مقابلے کے بعد ملزم عمران عرف کالا کو گرفتار کرکے نائن ایم ایم پستول برآمد کرلی ،پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق سیاسی تنظیم سے ہے ،پولیس کو قتل ،اقدام قتل اور بھتہ خوری میں مطلوب تھا۔جوہرآباد پولیس نے بلاک نمبر15میں فردوس نامی خاتون کے قتل میں ملوث مقتولہ کے خالہ زاد بھائی ملزم عادل توفیق کو گرفتار کرلیا جس سے مزید تفتیش جارہی ہے۔گلشن اقبال پولیس نے مدینہ کالونی میں چھاپہ مار کر تین ملزمان جنید عدنان اور فیاض کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔عزیزآباد پولیس نے بھنگوریہ گوٹھ میںمقابلے بعد لوٹ مارکرنے والے دو ملزما ن محمد کامران اور محمد ثناء کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔قائد آباد پولیس نے مجید کالونی کے قریب چھاپہ مارکر دو ملزمان خلیل خان اور شیر محمد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کادعویٰ کیا۔پاکستان بازار پولیس نے ضیاء کالونی کے علاقے میں مقابلے کے دوران زخمی حالت میں ملزم کامران اسکے ساتھی محمد شان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان نے اسٹریٹ کرائم کی متعددوارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ڈیفنس پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد علی ، محمد تصدق اور محمد ارمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول آدھا کلو چرس برآمد کرلی ،گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ شاہ فیصل پولیس نے2 لاکھ روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم مسعودعرف بلا کو گرفتار کرلیا،۔رسالہ پولیس نے فارن ایکٹ کے تحت دو افرادعبدالولی اور باز محمد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملیر سٹی پولیس نے غریب آباد میں منشیات کے اڈے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش خواتین سکینہ ،زرینہ کے علاوہ 6 منشیات فروش مبین ، بشیر ، خلیل ، ندیم ، سلیم اور امجدکو گرفتار کرکے انکے قبضے سے100 ٹوکن ہیروئن ،24 راڈ چرس اور 60 بوتلیںشراب کی برآمد کرلی۔پریڈی پولیس نے صدر میں کارروائی کرتے ہوئے شہریوںکو بے وقوف بنا کر لوٹنے والے چار ملزمان حیدر ، ذیشان ، ہارون اور زاہدکو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ائیر پورٹ پولیس نے شاہ فیصل ٹائون میں سرچ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میںلے کر چارپستول برآمد کرلی ،ایس ایچ اوخالد محمود کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جارہی ہے۔بلوچ کالونی پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرعلاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 52 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔

پولیس ناکے لگا کر فیملیوں کو ڈرادھمکاکر لوٹنے والا جعلی انسپکٹر گرفتار
ملزم شہزاد سے سب انسپکٹر کا جعلی کارڈ برآمد، شانتی نگر ڈالمیا سے پکڑا گیا
پولیس وردی میں ملبوس ہو کر لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کے دیگر 3افراد کی تلاش جاری ہے، ایس پی گلشن اقبال
کراچی (کرائم رپورٹر) پولیس وردی میں ملبوس ہو کر نفری کے ہمراہ لوگوں سے لوٹ مار کرنے والے جعلی سب انسپکٹر کو شانتی نگر سے گرفتار کرلیا گیا ملزم کے قبضے سے وردی اور پولیس کا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی پولیس نے شانتی نگر ڈالمیا کے قریب کارروائی کرتے ہوئے جعلی سب انسپکٹر شہزاد کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی گلشن عابد قائمخانی کے مطابق ملزم کا نام شہزاد رضا ہے اور وہ اپنے آپکو سب انسپکٹر کے حلیے میں رکھتا تھا اور اس نے پوری طرح سے پولیس کی وردی بنائی تھی اور اسکے پاس سے جو جعلی کارڈ ملا ہے وہ بھی بالکل پولیس کارڈ کی طرح کا ہے اور اس پر دستخط بھی اسی طرح کے ہوئے ہیں انہوں نے بتایا کہ ملزم یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ اور اطراف کے علاقوں میں اپنی نفری کے ہمراہ پکٹ لگا کر کھڑا ہوجاتا تھا اور وہاں سے گزرنے والی فیملیز کو ڈرا دھمکا کر پیسے لیتا تھا انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے پولیس کے پاس متعدد شکایات آئی تھیں اور کچھ فوٹیجز بھی ملی تھیں تاہم یہ گروپ ہاتھ نہیں آرہا تھا انہوں نے کہا اسکے گروپ کے تین لوگ مزید ہیں جو فرار ہیں جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

رنچھوڑ لائن‘ آرام باغ اور سرجانی سے 4 ملزمان گرفتار
گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرز اور سہولت کار بھی شامل ہیں نیوٹائون سے تین ملزمان پکڑے گئے
کراچی( کرائم رپورٹر)رینجرز اہلکاروں نے سرجانی ٹان ،رنچھوڑلائن اورآرام باغ کے علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران4ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرز اور سہولت کار بھی شامل ہیں ۔نیوٹائون پولیس نے ملزم مکیش کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،جبکہ نیوٹائون پولیس نے ہی فارن ایکٹ کے تحت دوملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے .

 

Tags: