لیاقت آباد :سبزی سے بھری سوزوکی ٹرک میں گھس گئی،2افراد ہلاک ۔ دیگر حادثات و جرائم میں مزید ہلاک و زخمی

September 18, 2015 4:42 pm0 commentsViews: 22

یونیورسٹی روڈ محکمہ موسمیات کے قریب گاڑی کی ٹکر سے راہگیر10سالہ بچہ جاں بحق
ڈیفنس میں بنگلے کا ملازم گاڑی کی ٹکر کے بعد چل بسا، متوفی شیریں جناح کالونی کا رہائشی تھا
کراچی (کرائم رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں بچے سمیت4افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق مین یونیوسٹی روڈ نزد محکمہ موسمیات کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے راہگیر 10سالہ نامعلوم بچہ جاںبحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ،جہاں مشتعل اہلخانہ بھی پہنچ گئے ،تاہم سچل،گلستان جوہر اور مبینہ ٹائون پولیس نے مذکورہ حادثے سے لاعلمی ظاہر کردی ۔ سپرمارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد نمبر4 ارم بیکری کے قریب سبزی سے بھری سوزوکی نمبر KB-3445 ٹرک نمبر AE-0052 میں گھس گئی جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار دو افراد 25 سالہ عنایت اللہ ولد عبدالمجید اور 18 سالہ نعمت اللہ ولد آغان خان جاںبحق ہوگئے جبکہ حادثے کا ذمہ دار سوزوکی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ایس ایچ او شعیب قریشی کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر ٹرک کھڑا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث سوزوکی ڈرائیور سے سوزوکی بے قابو ہوگئی اور ٹرک میں جا گھسی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حادثے کا ذمہ دار سوزوکی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، متوفی بلدیہ کے رہائشی تھے ، درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 8خیابان شاہین کے پاس نامعلوم کار کی ٹکر سے 18 سالہ رفقی ولد حضور بخش جاںبحق ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے جناح اسپتال پہنچایا، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کسی بنگلے میں کام کرتاتھا اور کوئی چیز لینے کے لیے بنگلے سے باہر نکلا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا، متوفی شریں جنا ح کالونی کا رہائشی تھا ۔

ماڈل کالونی سے مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
یوپی موڑ اور سرجانی ٹائون میں ڈکیتیوں کے دوران مزاحمت کرنے پر2افراد زخمی ہوگئے
کراچی (کرائم رپورٹر)ماڈل کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر دو افراد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی کے علاقے حمیرا ٹائون مکان نمبر64/2 کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 60 سالہ محمد حسین ولد عطاء محمد پیٹ میں دو گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ،دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، اس ضمن میں ایس ایچ او اسلم پرویز خواجہ کا کہنا ہے کہ مقتول اپنے گھر سے موٹر سائیکل پر اپنے آفس جارہا تھا کہ پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کورنگی کے قریب زیر تعمیر پلازہ میں منیجر کی نوکری کرتا تھا‘ نیوکراچی کے علاقے یوپی موڑ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 35 سالہ زاہد ولد غلام نبی زخمی ہوگیا، سرجانی ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ شعیب زخمی ہوگیا، جس کو ورثاء امام کلینک لیکر گئے جہاں سے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے آغا خان اسپتال پہنچایا گیا۔

پولیس و رینجرز کے مقابلوں میں ہلاک4ملزمان کی شناخت
پیرآباد میں ہلاک ملزم کا تعلق تحریک طالبان سے تھا، 2دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہوسکی
کراچی( کرائم رپورٹر)شہر میں گذشتہ روز پولیس اور رینجرز کے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے 7ملزمان میں سے چار کی شناخت ہوگئی ،دو دہشتگردوں کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ ایک ملزم کی گذشتہ شب ہی شناخت ہوگئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں رینجرز کے ہاتھوں مارے جانے والے ملزم کی شناخت ہمایوں خان کے نام سے ہوئی جو قصبہ کالونی میں رہائش اختیار کیا ہوا تھا پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا اور اورنگی ٹائون منگھوپیر اور اطراف کے علاقوں میں کالعدم تنظیم کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ موچکو پولیس کے ہاتھوں بروہی محلہ میں ہلاک ہونے والے تین کارندوں کی شناخت کرلی گئی ،جن میں رشید عرف جہانگیرعرف راجو بنگالی ولد خلیل ،واحد عرف دلاور اور نادر علی عرف جینگوولد عبدالغفار شامل تھے جو بلدیہ کے رہائشی اور لیاری گینگ وار کے کارندے بتائے جاتے ہے ،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔نیو کراچی میں مارے جانے والے دو ملزمان جن کے بارے میں رینجرز نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے انکی شناختیں عمل میں نہیں آسکیں۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی نیو کراچی ارشاد بھٹو کا کہنا ہے ایک ملزم کا ختنہ نہیں ہوا تھا اور پولیس نے رینجرز کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ مقابلہ، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کرلیا۔واضح رہے کہ ڈاکس میں ہلاک ہونے والی فرقہ ورانہ دہشتگردی میں ملوث عباس کی شناخت گذشتہ شب ہی ہوگئی تھی۔

البیلہ سگنل لیاری ندی کے قریب فائرنگ سے نوجوان ہلاک
مقتول چہرے سے بلوچ معلوم ہوتا ہے، قتل کے واقعہ میں گینگ وار کارندے ملوث ہیں، پولیس
کراچی( کرائم رپورٹر)سولجربازار کے علاقے میں البیلہ سگنل لیاری ندی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22سالہ نامعلوم نوجوان جاں بحق ہوگیا ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال پہنچایا ،ایس ایچ او سولجر بازار ارشاد سومرو کے مطابق مقتول چہرے سے بلوچ معلوم ہوتا ہے اور اسے لیاری گینگ وار ملزمان نے لیاری ندی کے راستے پاک کالونی سے آکر فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگئے۔

لیاری میں مقابلہ‘ پیپلز پارٹی کا علاقائی صدر گینگ وار کارندہ ہلاک
رینجرز اور پولیس نے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرکے گینگ وار کارندوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا تھا‘ مقابلے میں عبداللہ بلوچ عرف کاکڑ مارا گیا
مارا جانے والا ملزم سنگین مقدمات میںمطلوب اور پی ایس 111 کا علاقائی صدر تھا‘ مقتول رکن اسمبلی کا کوآرڈینیٹر بھی تھا
کراچی( کرائم رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے لیاری میں مبینہ مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار عزیر بلوچ کے کارندے اور پیپلز پارٹی کے علاقائی رہنما کو ہلاک کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری کے علاقے میوہ شاہ روڈ غفور ہوٹل کے قریب لیاری گینگ وار کے کارندوں کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا ،رینجرز اور پولیس نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعدگینگ وار کے کارندوں کے گرد گھیر ا تنگ کردیا ،اس ہی دوران گینگ وار کے کارندوں نے فرارہونے کی کوشش کی اور پولیس ‘رینجرز پر فائرنگ کردی، پولیس اور رینجرز نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم اس دوران گینگ وار کا ایک کارندہ شدیدزخمی ہوگیا جبکہ موقع سے پانچ کارندے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال پہنچایا، جہاں ملزم کی شناخت 45 سالہ عبداللہ بلوچ عرف کرکٹرکے نام سے ہوئی ، ایس ایچ او ایاز خان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ گروپ سے تھا جو علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا ، پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمد کرلی ہے ، پولیس کے مطابق ملزم قتل ،اقدام قتل ،بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں پولیس کا انتہائی مطلوب تھا اور لیاری کے علاقے عمر لین کا رہائشی تھا ،لیاری کے ایک اہم ذرائع نے بتایاکہ عبداللہ بلوچ پیپلز پارٹی پی ایس 111کا علاقائی صدر تھا ،کونسلر کیلئے الیکشن بھی لڑا تھا اسکا انتخابی نشان رکشہ تھا جبکہ رکن اسمبلی شاہجہاں بلوچ کا کو آرڈی نیٹر بھی تھا،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔

فائرنگ کے واقعات میں4 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)اورنگی ٹان کے علاقے قصبہ کالونی نمبر ڈھائی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 26سالہ وقار ولد امین زخمی ہو گیا ۔سائٹ بی کے علاقے بابر کانٹا کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 35سالہ فاضل قادر ولد بہادر خان کو زخمی کردیا۔عزیز بھٹی کے علاقے میں بلاک 13اے میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ڈاکٹر خالد قریشی اور انکا دوست محمد فراز زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا گیا ۔

سرجانی میں ایک شخص نے خودکشی کرلی
کراچی( کرائم رپورٹر)سرجانی ٹائون کے علاقے تیسرٹائون سیکٹر50-Eمیں رہائش پذیراحسان ولدجلیل نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کرلی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش جو عباسی اسپتال پہنچایا گیا تاہم ورثا لاش ضابطے کی کارروائی کے بغیر لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔

Tags: