سپریم کورٹ کی ٹی ڈی نمبر پلیٹ کے استعمال کو محدود کرنے کی ہدایت

September 18, 2015 4:59 pm0 commentsViews: 26

نئی نمبر پلیٹس کی تیاری کا ٹینڈر آئندہ ماہ تک مکمل کر لیا جائے گا، سیکریٹری ایکسائز
600 پولیس اہلکاروں کی بھرتی کیلئے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوا دی گئی، عدالت کو سرکاری وکیل کی بریفنگ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے معاملے پر ٹی ڈی نمبر ( عارضی طور پر چلائی جانے والی گاڑیوں کی حامل نمبر پلیٹ) کے استعمال کو محدود کرنے کی ہدایت کر دی۔ سماعت کے دوران ڈی جی ٹریفک نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا تھا کہ اب تک398 غیر رجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ اس موقع پر جسٹس سرمد جلال عثمانی کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی بھرتی کے حوالے سے استفسار کیا گیا جس پر سرکاری وکیل عدنان کریم میمن نے بتایا کہ 600 پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنز نے عدالت کو بتایا کہ نئی نمبر پلیٹوں کی تیاری کا ٹینڈر آئندہ ماہ کے وسط تک مکمل کر لیا جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرتے ہوئے ٹی ڈی نمبر پلیٹ گاڑیوں کے استعمال کو محدود کرنے کی ہدایت کردی۔

Tags: