کرپشن کیسز سے نمٹنے کیلئے سندھ احتساب کمیشن کے قیام کا فیصلہ

September 18, 2015 5:00 pm0 commentsViews: 22

قانونی مسودے کی تیاری کیلئے کمیٹی تشکیل‘ جلد قانون سازی کیلئے سندھ اسمبلی میں بل پیش کیا جائیگا
بدعنوانی برداشت نہیں کی جائیگی‘ سندھ حکومت کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتا ہوں‘ قائم علی شاہ کا اجلاس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کرپشن سے متعلق کیسز اور شکایات سے نمٹنے کیلئے سندھ احتساب کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ضروری قانون سازی سندھ اسمبلی میں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ایک اچھا اور موثر ادارہ ہے جس نے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں لیکن میں ان کی صلاحیتوں اور دائرہ کار کو وسیع کرکے سندھ حکومت کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا چاہتا ہوں اس وجہ سے صوبائی احتساب کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن میں چیئر مین کی صدارت کے ساتھ ایک آزاد بورڈ ہوگا یہ ایک مضبوط موثر اور پروفیشنل ادارہ ہوگا جس میں کرپشن سے پاک اور قابل افسران مقرر کئے جائیں گے۔

Tags: