اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی سینٹر قائم

September 18, 2015 5:03 pm0 commentsViews: 30

کراچی میں آج سے اتوار تک شدید گرمی کی پیشگوئی
خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا دبائو کراچی اور گردونواح میں گرمی میں اضافے کا سبب بنے گا
درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوزکرسکتا ہے، شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد اور گرد نواح میں گرمی ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگی ہے جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج سے اتوار تک سورج مزید آگ برسائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور اس کے گرد و نواح کے علاقے گزشتہ کئی دنوں سے گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور اس میں بتدریج اضافہ ہو رہاہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا دبائو بھارت کے جنوبی مغربی علاقوں کی جانب سے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ گرمی کی یہ لہر اتوار تک جاری رہے گی اور اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے تاہم اس کے بعد گرمی میں بتدریج کمی ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود شہر میں سمندر کی جانب سے ہوائیں داخل ہوتی رہیں گی جس کی وجہ سے ہیٹ اسٹروکس میں اضافہ نہیں ہوگا۔ دوسری جانب حکومت سندھ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بروز جمعہ کراچی میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ شہر کے تمام اسپتالوںمیں ہیٹ اسٹروک ایمر جنسی سینٹر قائم کئے گئے ہیں عوام غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کیا جائے۔

Tags: