اکائونٹ کھلوانے کیلئے نیشنل ٹیکس نمبر لازمی قرار دینے کی تجویز

September 18, 2015 5:04 pm0 commentsViews: 17

این ٹی این جمع نہ کرانے والوں کے اکائونٹ بند کردیے جائیں، صدر کے سی سی آئی کا وزیر خزانہ کو خط
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد وہرہ نے بینکوں سے لین دین کرنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے کا حل نکالتے ہوئے حکومت کو تجویز دی ہے کہ بینکوں میں تمام کرنٹ اور بزنس اکائونٹ کھلوانے کیلئے نیشنل ٹیکس نمبر ( این ٹی این) کو لازمی قرار دیا جائے۔ کوئی بینک این ٹی این سرٹیفکیٹ کے بغیر اکائونٹ نہ کھولے جب کہ تمام اکائونٹس ہولڈرز کو ایف بی آر کے جاری کر دہ این ٹی این سر ٹیفکیٹ جمع کروانے کی ہدایت کی جائے بصورت دیگر اکائونٹس بند کردئے جائیں ۔ نیز بچت اکائونٹس کے ٹرن اوور کی حد مقرر کی جائے اور اس حد کو عبور کرنے کی صورت میں این ٹی این لازمی کر دیا جائے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ارسال کئے گئے ایک خط میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ این ٹی این کے ذریعے ایف بی آر کے پاس اکائونٹ ہولڈرز کی تفصیلات موصول ہونے پر انکم ٹیکس آرڈیننس اور مروجہ قوانین کے تحت انہیں یہ اختیارات حاصل ہیں کہ وہ رجسٹرڈ افراد کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا پابند کر سکیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نان فائلر اور غیر رجسٹرڈ میں تفریق انتہائی ضروری ہے، نان فائلر کا مطلب یہ سمجھا جاتا ہے کہ افراد رجسٹرڈ توہیں لیکن ریٹرن جمع نہیں کراتے نان فائلر اور فائلر کی بجائے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ کا تصور متعارف کرایا جائے۔

Tags: