بحریہ ٹائون کے ملازم کی لاش پارک سے برآمد ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

September 22, 2015 1:26 pm0 commentsViews: 17

نامعلوم افراد گلشن حدید سے35 سالہ ارسلان کو اغواء کے بعد قتل کرکے فرار ہو گئے
قتل کا مقدمہ درج، ارسلان کو لڑکی کے تنازعے پر قتل کیا گیا، پولیس کا شبہ
کراچی( کرائم رپورٹر) اسٹیل ٹائون کے علاقے گلشن حدید فیز 1 کاشانہ پارک کے قریب35 سالہ ارسلان ولد چوہدری اعجاز کی لاش ملی جس کو اغواء کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ‘ پولیس نے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا ‘ ایس ایچ او غلام احمد شیخ نے بتایا کہ مقتول ارسلان کے اہل خانہ نے بیان دیا ہے کہ اتوار کی شب ارسلان اپنے دوست محمد اکرم کے ساتھ گیا تھا اور جب واپس نہیں آیا تو اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی پولیس نے سی پی ایل سی کی مدد حاصل کرتے ہوئے موبائل فون کی لوکیشن معلوم کی تو لوکیشن کاشانہ پارک کے قریب آئی‘ پولیس جب وہاں پہنچی تو ارسلان کی لاش پڑی ہوئی تھی‘ ایس ایچ او کے مطابق ارسلان کے قتل میں اس کا دوست محمد اکرم ملوث ہے‘ اس نے ہی ارسلان کو قتل کیا ہے‘ پولیس نے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی‘ پولیس نے واقعے کا مقدمہ ملزم اکرم کیخلاف درج کرکے تلاش شروع کردی ہے‘ پولیس نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ شبہ ہے کہ ارسلان کو ملزم نے ایک لڑکی کے تنازعے پر قتل کیا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔

ٹریفک حادثات میں ایک شخص ہلاک‘ 3زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے یاسین آباد اور نیو کراچی میں ٹریفک حادثے میں1شخص ہلاک‘3 افراد معمولی زخمی‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح عزیز آباد کے علاقے یاسین آباد میں سفید سوک ہنڈا تیز رفتاری کے باعث پلٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ دوسری جانب نیو کراچی سیکٹر7 میں نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے35سالہ نامعلومشخص ہلاک ہوگیا‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی جیب سے کوئی شناختی چیز نہیں ملی ہے اور حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

منگھو پیر سے20 روز پرانی لاش برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر)منگھوپیر سے کئی روز پرانی لاش ملی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے نادرن بائی پاس کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی کئی روز پرانی لاش کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کوتحویل میں لیکرپوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،پولیس نے بتایاکہ ایم ایل او نے بتایا ہے کہ مذکورہ لاش 20روز پرانی ہے ،پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ہوسکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد یا فائرنگ سے قتل کئے جانے کے حوالے سے معلومات کا علم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گا ۔

شفیق موڑپرموٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ،پی سی او کا مالک قتل
شاہ فیصل کالونی میں سابق شوہرنے گھر میں گھس کر خاتون کو 3بچوں سمیت زخمی کردیا، ملزم فائرنگ کے بعد فرار
کراچی( کرائم رپورٹر)ایف بی صنعتی ایریا کے علاقے شفیق موڑ نزد شفیق کالونی میں قائم شمس پی سی او پر موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم ملزما ن نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرارر ہوگئے ،فائرنگ کے نتیجے میں دکان کا مالک 45سالہ شمس الرحمان ولد روشن خان جاں بحق ہوگیا ،اس اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ،پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق خیبر پختوا سے بتایا جاتاہے ۔شاہ فیصل کالونی نمبر3بسم اللہ کالونی ملزم نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی س کے نتیجے میں عروج بی بی ،26سالہ بشرا اعجاز ،6سالہ سمعیہ ،8سالہ ماہ نور اور 11سالہ ایمان کو زخمی کردیا اور فرارہوگیا جن کو جناح اسپتال میںطبی امداد دی جارہی ہے ،پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے عروج بی بی کے سابق شوہر واحد نے گھریلو تنازعے پر گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور فرار ہوگیا پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔

تیز رفتار لفٹرنے موٹرسائیکل پر جانیوالے 2بھائیوں کو کچل دیا
دونوں بھائی اسکول سے گھر جارہے تھے، ایک زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار
گارڈن میں شومارکیٹ کے قریب دوسالہ بچی پانی کے زیرزمین ٹینک میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں طالبعلم اور کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا ۔ڈاکس کے علاقے ماڑی پور روڈ آئی سی آئی پل کے قریب تیز رفتارلفٹر کی زد میں آکر موٹرسائیکل سواردو سگے بھائی17سالہ عاطف ولد شہزاداور18سالہ تیمورشہزادشدیدزخمی ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوںکو ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں دوران علاج تیمورشہزادزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس افسر شہباز کے مطابق متوفی وزخمی دونوںبھائی ہیں اور نیول اسکول میں زیرتعلیم تھے اوراسکول سے گھر جارہے تھے کہ حادثے پیش آگیا،پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار لفٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے لفٹر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔نبی بخش کے علاقے گارڈن شو مارکیٹ عظیم پلازہ کے قریب دو سالہ بچی زیر زمین ٹینک میںگرکرجاں بحق ہوگئی جسکی لاش کو نجی اسپتال منتقل کیاگیا جہاں موت کی تصدیق کے بعد ورثاء کے پولیس کارروائی سے گریز کرتے ہوئے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ۔پولیس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

ملیر میں پی پی اور متحدہ کے کارکنوں میں تصادم‘ ایک ہلاک
سلیمان ٹیرس کے قریب فائرنگ سے ایم کیو ایم کا دانیال ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے‘ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی
ملزمان نے میرے بیٹے کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی پی پی رہنما امین مگسی کا پولیس کو بیان‘ پولیس واقعہ کی مزید تفتتیش کررہی ہے
کراچی(کرائم رپورٹر )ملیر کے علاقے الفلاح میں پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدیدار کے بیٹے کو اغواء کرنے پر پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ،پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق الفلاح کے علاقے ملیر سلیمان ٹیرس کے قریب فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن 30سالہ دانیال ولد نعیم ہلاک اسکا دوست طلحہ ولد نثار اورایک راہگیر نوید زخمی ہوگئے ،پولیس نے موقع پر پہینچ کر لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او امین مری نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدیدار امین مگسی نے فون کرکے بتایاکہ میرا بیٹا صدام اپنے دوستوں کے ہمراہ ویگو جیپ میں سلیمان ٹیرس کے قریب سے گذر رہا تھا کہ اس دوران متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن دانیال اسکے ساتھیوں نے اغواء کرنے کی کوشش کی اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہوگیا ،فائرنگ کے نتیجے میں دانیال ہلاک اور ساتھی طلحہ اور ایک راہگیر زخمی ہوا ،ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پستول اور خول برآمد کرلیئے ،ایس ایچ او امین مری نے مزید بتایاکہ عینی شاہدین نے بھی یہ ہی بیان دیا ہے کہ دانیال اسکے ساتھیوں نے جیپ میں سوار افراد کو اغواء کرنے کی کوشش تھی ، مقتول دانیال یونٹ 103کاکارکن تھا اور فیڈرل بی ایریا کا رہائشی تھا ،جبکہ دانیال چندروز قبل ہی قتل کیس میںضمانت کر رہاہوکرآیا تھا ،تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔

جوڑیا بازار سے سیاسی
تنظیم کا کارکن گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کھارادر پولیس نے جوڑیا بازار میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر سیاسی تنظیم کے کارکن سلمان عرف کللو کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم نے 2013میں بھتے کے تنازعے پر دکاندار جعفر کو قتل کیا تھا ۔

ہاکس بے کے برساتی نالے سے لاش برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے مشرف کالونی ہاکس بے روڈ گدھا گاڑی چوک کے قریب برساتی نالے کے اندر سے لاش ملی‘ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا جہاں مقتول کی شناخت محمد ندیم ولد محمد تقی کے نام سے ہوئی ہے‘ پولیس نے بتایا کہ لاش ایک دن پرانی ہے اور مقتول کو نامعلوم مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے‘ اور مقتول کی شناخت جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے ہوئی ہے‘ مقتول کے شناختی کارڈ پر سرجانی ٹائون کا پتہ درج ہے۔

Tags: