چائنا کٹنگ پر بننے والی عمارتوں کیخلاف ایکشن ہوگا، وزیر بلدیات

September 22, 2015 2:04 pm0 commentsViews: 27

ہائوسنگ انڈسٹری سے وابستہ ایسے بلڈرز کیخلاف بھی ایکشن لینا ہوگا، جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں
کراچی میں مکانات کی لیز اور پانی کے قانونی کنکشن پر عائد پابندی ہٹانے پر غور کیا جا رہا ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اداروں میں موجود کرپشن کے ساتھ ساتھ ہائوسنگ انڈسٹریز سے وابستہ بلڈرز کو بھی اپنے اندر موجود ایسے بلڈرز کیخلاف ایکشن لینا ہوگا جو غیر قانونی و دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں‘ غیر قانونی زمینوں اور چائنا کٹنگ پر بننے والی عمارتوں کیخلاف ضرور ایکشن ہوگا ‘ البتہ وہ آباد عمارتیں جنہیں قانونی شکل دی جاسکتی ہے ان کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے ضرور موقع دیا جائیگا‘ کراچی میں مکانات کی لیز پر عائد پابندی اور پانی کے قانونی کنکشن پر پابندی ہٹانے پر غور کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں قانون کے مطابق ان کی اجازت دینے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سے استدعا کی جائے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی‘ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کے ایم سی ہائوسنگ کی صنعت سے وابستہ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈڈیولپرز کے ساتھ مل کر تمام مسائل حل کریں اور اس سلسلے میں ضرورت پڑنے پر کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی‘ تاکہ بلڈرز کی صنعت سے وابستہ افراد کے تمام جائز مطالبات کا حل اور ان کے مسائل کا خاتمہ کیا جاسکے‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو آباد کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر آباد کے چیئرمین جنید اشرف تالو و دیگر بھی موجود تھے۔

Tags: