ہم کرپٹ ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ عوام کرینگے، نثار کھوڑو

September 22, 2015 2:03 pm0 commentsViews: 35

حکومت کی غلطیوں پر جمہوریت کو ناکام کہنا غلط ہے، سیمینار سے حافظ حسین، خواجہ اظہار الحسن ودیگر کا خطاب
کراچی( کرائم رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑ و نے کہا ہے کہ جمہوریت بڑی شہادتوںکے بعد ملی ہے‘ حکومتوں کی غلطیوں پر جمہوریت کو ناکام کہنا غلط ہے‘ ہم کرپٹ ہیں یانہیں اس کا فیصلہ بھی عوام کریں گے‘ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں‘ تاہم میڈیا کوجمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کرنا چاہئے‘ جمہوریت ہی تمام مسائل کا حل ہے‘ وہ پیر کو مقامی ہوٹل میں پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے تحت آزادی صحافت کے جمہوریت پر اثرات کے عنوان پر ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے‘ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ترقی اور امن کا واحد راستہ ہے‘ ہماری یہاں موجودگی ثابت کرتی ہے کہ ہم کرپٹ نہیں‘ جمعیت علماء اسلام(ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ مارشل لاء کو مردہ آباد کہنے پر13 مہینے مجھے کوئٹہ سینٹرل جیل میں قید رکھا گیا‘ سندھ اسمبلی میں مستعفی اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہا ر الحسن نے کہا کہ الطاف حسین کی تقرری پر پابندی لیکن ملا عمر اور طالبان کے ترجمان پرکوئی پابندی نہیں‘ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ میڈیا 27 برسوں سے یرغمال تھا لیکن آج حالات بدل گئے ہیں‘ تحریک انصاف کے عمران اسماعیل نے کہا کہ اصل جمہوریت جب سامنے آئیگی جب ملک میں شفاف الیکشن ہوں گے‘ مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میڈیا کو اپنا ضابطہ اخلاق خود بنانا ہوگا۔ سیمینار سے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کی چیئرپرسن دردانہ شہاب اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

Tags: