کالعدم تنظیموں کے 100 سے زائد مالی مددگار اہم عہدوں پر تعینات
ڈیفنس سے گرفتار ملزم کے انکشافات کے بعد اہم شخصیات اور کالعدم تنظیموں کے چھپے مددگاروں کیخلاف گھیرا تنگ
بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش اور القاعدہ کی جڑیں کراچی میں بھی موجود ہیں شیبا احمد کے انکشافات
کراچی( نیوز ڈیسک) حساس اداروں نے کالعدم تنظیموں کے مالی معاونت کار کو ڈیفنس سے گرفتار کرلیا۔ شیبا احمد کے انکشافات کے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرنے کے ساتھ اہم شخصیات اور کالعدم تنظیموں کے چھپے ہوئے مدد گاروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔ شیبا احمد نے انکشاف کیا کہ کراچی میں کالعدم تنظیموں کے 100 سے زائد مالی معاون، سہولت کار اہم عہدوں اور اداروں میں تعینات ہیں۔ بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش اور القاعدہ کی جڑیں بھی کراچی میں موجود ہیں۔ عسکری دہشت گردوں کی بڑی تعداد وائٹ کالر نوکریوں کے ساتھ تعلیمی اداروں میں موجود ہے۔ سوشل میڈیا فیس بک، واٹس ایپ، ٹوئٹر سمیت سماجی رابطے کی ویب سائٹس ہمارا مشن آگے بڑھانے کے ساتھ رابطے کا اہم ذریعہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر ہمدردوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے جو کہ ایک دوسرے کے پیغامات آگے بڑھانے کے ساتھ سہولت کار کا کردار بھی ادا کر تے ہیں ۔