لبیک اللھم لبیک عازمین حج منیٰ کے میدان میں جمع‘ آج خطبہ سنیں گے

September 23, 2015 2:40 pm0 commentsViews: 1124

25لاکھ سے زائد عازمین حج مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے ساتھ نماز ظہر اور عصر میدان عرفات میں ادا کرینگے
عازمین حج کل نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مزد لفہ سے واپس منیٰ پہنچیں گے اور یہاں بڑے شیطان کو کنکریاں مارینگے
منیٰ ( مانیٹرنگ ڈیسک) مناسک حج کا آغاز ہوگیا مکہ مکرمہ پہنچنے والے 25 لاکھ سے زائد عازمین حج نماز فجر کے بعد لبیک اللہم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منیٰ میں جمع ہوگئے جہاں میدان عرفات کی جانب جائیں گے جہاں آج خطبہ حج اور وقوف عرفات ہوگا،۔ عازمین حج آج فریضہ حج ادا کریں گے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے ساتھ نماز ظہر اور عصر میدان عرفات میں ادا کی جائے گی نماز عصر اور مغرب کے دوران وقوف عرفات ہوگا جس میں حاجی اللہ تعالیٰ کے حضور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کریں گے۔ سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کیلئے فوری طور پر میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے اس کے بعد حجاج مزدلفہ کیلئے روانہ ہونگے۔ مزدلفہ پہنچنے کے بعد حاجی سب سے پہلے نماز مغرب اور نماز عشاء اکٹھی ادا کریں گے۔ اور کنکریاں چننے کے بعد رات کھلے آسمان کے نیچے مزدلفہ میں قیام کریں گے۔ 10 ذی الحجہ کو ( کل) نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی منیٰ واپس پہنچیں گے۔ جہاں پہلے دن بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر قربانی کریں گے اور رمی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔11 ذی الحجہ کو بھی حاجی شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور اس دن بھی رات کا ایک خاص پہر منیٰ میں قیام کرنے کا حکم ہے۔ 12 ذی الحجہ کو آخری شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حاجیوں کی مکہ کیلئے واپسی شروع ہوجائے گی۔ 12 ذی الحجہ مغرب سے پہلے تمام حاجیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ مسجد حرام پہنچ کر طواف زیارت کریں۔ اس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے۔

Tags: