بلدیہ ٹائون میں ڈاکوئوں کا 2 بینکوں پر دھاوا‘ ایک لوٹ لیا

September 23, 2015 3:03 pm0 commentsViews: 21

چھ مسلح ملزمان سمٹ بینک کی برانچ میں داخل ہوئے اور 22 لاکھ روپے نقدی کے علاوہ لاکرز سے ڈالر اور قیمتی زیورات لوٹ کر لے گئے
ملزمان بینک کے سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی چھین کر لے گئے‘ اس علاقے میں مائیکرو فنانس بینک لوٹنے کی کوشش ناکام بنادی
کراچی( کرائم ڈیسک) کراچی میں عید الاضحی کے قریب آتے ہی ڈاکو سر گرم ہوگئے۔ بلدیہ ٹائون میں8مسلح ملزمان نے بینک سے10 منٹ میں ساڑھے 22 لاکھ روپے اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورا ت لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ ایک اور بینک میں سیکورٹی گارڈز لاکر توڑنے کی کوشش میں ناکامی پر اسلحہ بینک میں چھوڑ کر فرار ہوگیا، تفصیلات کیطابق مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ 24 کی مارکیٹ میں واقع سمٹ بینک میں منگل کی صبح9 بج کر 5 منٹ پر کاراور2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان اسلحہ کے زور پر بینک میں داخل ہوئے۔ اور10 منٹ میں کیش کائونٹر اور لاکر سے 21 سو امریکی ڈالر سمیت 22 لاکھ سے زائد نقدی اور لاکرز سے کئی لاکھ روپے مالیت کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، ملزمان فرار ہوتے ہوئے بینک کی سیکورٹی پر مامور سیکورٹی گارڈ سے ٹی ٹی پستول چھین کر اپنے ساتھ لے گئے، اس ضمن میں ایس ایچ او چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ ملزمان کار اور موٹر سائیکل پر بینک کھلنے کا انتظار کر رہے تھے۔ جیسے ہی بینک کے عملے نے آکر بینک کھولا ملزمان کچھ منٹ بعد ہی اسلحہ کے زور پر بینک میں داخل ہوگئے۔ 6 ملزمان بینک میں موجود تھے۔ جنہوں نے10 منٹ میں یہ واردات کی جبکہ2 ملزمان بینک کے باہر موجود تھے، ملزمان فرار ہوتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اپنے ساتھ لے کر نہیں گئے۔ واردات میں ملوث ہونے کے شبہ میں بینک کے2 سیکورٹی گارڈز کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء ایک اور نجی بینک کے سیکورٹی گارڈز لاکر توڑنے کی کوشش میں ناکامی پر اسلحہ بینک میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، بلدیہ ٹائون میں واقع مائیکرو فنانس بینک کا عملہ جب صبح بینک پہنچا تو بینک میں تعینات دونوں سیکورٹی گارڈ غائب تھے۔ جبکہ ان کا اسلحہ بینک میں ہی موجود تھا۔ بینک میں جانچ کئے جانے پر پتہ چلا کہ سیکورٹی گارڈز صفدر اور عرفان نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بینک کے لاکرز توڑ نے کی کوشش کی اور ناکامی پر دونوں ملزمان اپنا اسلحہ بینک میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

Tags: