کراچی محروم! دادو اور کشمیر میں پولیس کو 3 کروڑ روپے دینے پر سپریم کورٹ برہم

September 23, 2015 3:07 pm0 commentsViews: 20

کراچی میں اتنا بڑا آپریشن ہورہا ہے‘ لوگ شہید ہورہے ہیں مگر یہاں ایک ضلع کو صرف 30 لاکھ روپے دیئے گئے ہیں
چھوٹے اضلاع کو بڑی رقم جاری کی گئی مگر کراچی کو کچھ نہیں دیا گیا‘ پیسہ عوام کا ہے اس کا حساب دینا ہوگا‘ عدالت کے ریمارکس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے دادو، مٹیاری اور کشمور پولیس کو مقدمات کی تفتیش کی مد میں3 کروڑ روپے جاری کرنے پر تحقیقات کا حکم دید یا ہے۔ منگل کو جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سیکریٹری خزانہ اور آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے تفتیشی افسران کو تفصیلات کی مد میں جاری فنڈ سے متعلق رپورٹ پر سخت اظہار برہمی کیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ تفتیش کی مد میں کتنا بجٹ رکھا گیا ہے۔ جس پر آئی جی سندھ نے بتایا کہ اس کیلئے5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جس پر عدالت نے رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مٹیاری، کشمور اور دادو کی پولیس کو3 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔ یہ کس مد میں اور کس فارمولے کے تحت دئیے گئے جبکہ کراچی کے ایک ضلع کو صرف30 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں کراچی میں اتنا بڑا آپریشن جاری ہے لوگ شہید ہو رہے ہیں کیا مٹیاری، کشمور میں کراچی سے زیادہ مقدمات ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ یہ عوام کا پیسہ ہے اس کا حساب دینا ہوگا،۔ چھوٹے اضلاع کو بڑی رقم جاری کی گئی لیکن کراچی کو کچھ نہیں دیا ۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ عبدالفتاح ملک نے استدعا کی کہ عدالت اس حوالے سے انکوائری کروائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں جس پر عدالت نے مذکورہ کمیٹی کو فنڈز کی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ تفتیش میں فنڈز کے اجراء سے متعلق نظام وضع کرنے سے متعلق بھی سفارشات مرتب کریں کہ کس فنڈز کا فوری اجرا ممکن ہے۔

Tags: