اے جی سندھ کے تمام ضلعی دفاتر میں سندھ ٹریژری کے گریڈ16 کے افسران کو تعینات کیا جائے

September 23, 2015 3:11 pm0 commentsViews: 23

گریڈ5 اور14 کے ملازمین کو ہٹایا جائے، اے جی سندھ ایمپلائیز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس
ضلعی دفاتر میں گریڈ16 کے سینئر آڈیٹرز تمام مالی امور احسن طور پر انجام دے رہے ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) اے جی سندھ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ضلعی دفاتر میں سندھ ٹریثرری کے گریڈ 16 افسران کو تعینات کیا جائے اور گریڈ14 اور گریڈ5 کے ملازمین کو فوری طور پر ہٹایا جائے، یہ مطالبہ ایسوسی ایشن کے ہنگامی جنرل باڈی اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین محمد زبیر اور سیکریٹری جنرل طارق ارشاد نے کہا کہ آڈیٹر جنرل پاکستان اور کنٹرولر جنرل پاکستان انتظامی امور چلانے کیلئے کسی کی پوسٹنگ کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہرگز سپریم کورٹ کی حکم عدولی نہیں بلکہ ہمارے اعلیٰ افسران ماتحت دفاتر میں کرپشن اور بد عنوانی کو ہر حال میں ختم کرنا چاہتے ہیں جس میں اے جی سندھ احسان علی نے بلا امتیاز کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ جس کی وجہ سے بد عنوان افراد نے چیخنا شروع کر دیا ہے محمد زبیر اور طارق ارشاد نے مزید کہا کہ اے جی سندھ کے ملازمین کراچی سمیت تمام ضلعی دفاتر میں گریڈ16 کے سینئر آڈیٹر تمام مالی امور احسن طور پر انجام دے رہے ہیں۔ جبکہ ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس میں ٹریثرری کے ملازمین گریڈ14 ہی نہیں بلکہ گریڈ5 کے جونیئر موسٹ افراد مالی امور کو انتہائی غلط طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔