منظور کاکا کو فرار کرانے میں سندھ حکومت کا ہاتھ نہیں

September 23, 2015 3:17 pm0 commentsViews: 25

اس حوالے سے شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں، ترجمان وزیراعلیٰ ہائوس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے ترجمان نے 22 ستمبر کے اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ سندھ حکومت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے اس وقت کے سربراہ منظور کاکا کے بیرون ملک فرار ہونے میں کسی قسم کا تعاون یا سہولت فراہم کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے شائع شدہ خبریں بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں۔ دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی اور حکومت سندھ کے درمیان محاذ آرائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ نیب کراچی کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل منظور قادر کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن سمیت سرکاری اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ اور دیگر معاملات کی چھان بین میں تعاون نہ کرنے اور منظور قادر کو بیرون ملک فرار کرانے کے شکوے پر حکومت سندھ نے برہمی کااظہار کردیا۔ نیب کراچی کی سندھ بھر میں کرپشن، بدعنوانیوں اور اربوں روپے کی سرکاری اراضی کوڑیوں کے مول منظور نظرافراد کو الاٹمنٹ کرنے میں ملوث اہم شخصیات اور بیوروکریٹس کے بیرون ملک فرار ہونے پر نیب نے اعلیٰ حکام سے رجوع کرلیا ہے جبکہ اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ کو نیب کراچی آگاہ کرچکی ہے۔

Tags: