صحافی حق کی آواز عوام تک پہنچائیں اُمت مسلمہ گمراہ جماعتوں کیخلاف جہاد کرے‘ سعودی مفتی اعظم

September 24, 2015 1:28 pm0 commentsViews: 68

دشمن عالم اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے‘ داعش اسلام کے نام پر امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے
یہودی انتہائی ظالم ہیں‘ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتری کیلئے استعمال کریں‘ اسلام امن اور محبت کا دین ہے‘خطبہ حج
مکہ مکرمہ( نیوز ایجنسیاں) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ نے کہا ہے کہ دشمن عالم اسلام کے خلاف مختلف سازشوں میں مصروف ہے۔ مسلمان گمراہ کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل نہ کریں۔ داعش اسلام کے نام پر امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ امت مسلمہ انسانیت کو گمراہی سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کرتی ہے مگر داعش نے مسجدوں کو بھی نہیں چھوڑا اور وہاں بھی دہشت گردی کی۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن لبادہ بدل کر اسلام کی جڑوں کو کمزور کرنے پر لگے ہوئے ہیں اور مختلف شکلوں میں اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اس لئے مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور قوتوں کے جمع کرکے دین حق پر استعمال کریں اور گمراہ کن فتنہ کے خلاف جہاد کریں ۔ دہشت گردی تشدد اور فساد پھلانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ یہودی انتہائی ظلم ہیں انہوں نے انسانیت کو پامال کیا۔ مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ جس نے حج کیا وہ نومولود کی طرح گناہوں سے پاک ہے۔ تقویٰ اور اللہ کی اطاعت کریں۔ کیونکہ اللہ نے ہمیں پستیوں سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کیا، دین اسلام کو تمام مذاہب پر پر برتری حاصل ہے۔ دین اسلام ہی نے انسانوں کو یکجا کیا۔ مکہ اور مدینہ منورہ حرمت والے شہر ہیں۔ ہدایت پانے والوں کو سنت نبوی ﷺ پر عمل کرنا چاہئے، مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں اور قوتوں کو اللہ کی راہ میں صرف کریں اور گمراہ جماعت کے فتنہ کے خلاف جہاد کریں۔ اللہ نے ہر قسم کے ظلم کو حرام قرار دیا ہے اسلام امن پیار ومحبت اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ یہ کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اور نہ ہی مسلمان کبھی دوسرے مسلمان بھائی پر لعنت بھیجتا ہے۔ اصل زندگی آخرت کی ہے یہ حیات عارضی ہے۔ اللہ کے فرمان نے حق و باطل کی نشاندہی کر دی ہے اور اللہ کے احکامات پر عمل کرنا ہر مسلمان کی معراج ہے۔ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر گمراہ کرنے والوں کے خلاف امت مسلمہ متحد ہوجائے۔ دشمن عالم اسلام کے خلاف مختلف سازشوں میں مصروف ہے۔ مگر مسلمان ان گمراہ کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل نہ کریں صحافی اپنی آواز بلند کرتے ہوئے صرف حق کی آواز عوام تک پہنچائیں۔ دعا ہے کہ اللہ مصیبت میں پھنسے مسلمانوں کو نکالے۔ علماء بہتر انداز میں دین کی دعوت دیں کیونکہ دنیا عمل کی جگہ ہے آخرت میں حساب ہوگا۔ مفتی اعظم نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتری کے لئے استعمال کریں۔ اللہ سے ڈریں اور شرک سے بچیں۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے سے ہی کامیابی حاصل ہوگی۔

Tags: