ملک بھر میں عید الاضحی کل منائی جائیگی، پشاور میں عید کے اجتماعات

September 24, 2015 1:29 pm0 commentsViews: 55

مساجد اور عید گاہوں میں بعض اجتماعات میں علماء قربانی کی حقیقت پر روشنی ڈالیں گے
سیکورٹی کے خصوصی اقدامات شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ
اسلام آباد( خبر ایجنسیاں) ملک بھر میں عید الاضحی کل ( بروز جمعہ) مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ جبکہ خیبر پختونخوا میں2 عیدیں منانے کی روایت بر قرار ہے پشاور اور کئی علاقوں میں آج عید منائی جا رہی ہے۔ بیشتر علاقوں میں عید کی نماز ادا کر دی گئی مسجد محمد قاسم خان میں عید کی نماز ادا کی گئی جبکہ جمعہ کو ملک بھر کی مساجد، عید گاہوں اور کھلی جگہوں پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ جن میں خطیب و علماء کرام اپنے خطبات میں عید الاضحیٰ کی اہمیت اور فلسفہ قربانی پر روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی، نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے ہوئے مسلمان جانوروں کی قربانی کا فریضہ انجام دیں گے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں پر پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف 2 عیدوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پشاور سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع اور قبائلی علاقوں میں آج ( جمعرات کو) عید الاضحی منائی جائے گی۔

آج سعودی عرب سمیت عرب ممالک میں عید منائی جارہی ہے
نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے جانوروں کی قربانی دی گئی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح سعودی عرب سمیت عرب ممالک اور دیگر اسلامی ممالک میں عید الاضحی نہایت عقیدت و احترام اور سنت ابراہیمی کے جذبہ قربانی کے ساتھ منائی جارہی ہے‘ آج صبح مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام شریف اور مدینہ میں مسجد نبویؐ سمیت سعودی عرب کے دیگر شہروں کی مساجد و عید گاہوں میں نماز عید کے بڑے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے‘ جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی‘ بعد ازاں جانوروں کی قربانی کی گئی‘ اس موقع پر نماز عید کے اجتماعات میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی سربلندی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

Tags: