عید الاضحی پر دہشت گردی کا خطرہ خودکش بمبار کراچی پہنچ گیا حساس اداروں کی رپورٹ

September 24, 2015 1:33 pm0 commentsViews: 34

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہر بھر میں چھاپے، بلوچ لبریشن آرمی کے کارندے لیاری گینگ وار اور سیاسی تنظیم کے ٹارگٹ کلرز سمیت14 افراد کو گرفتار کر لیا
تحریک طالبان کی مرکزی قیادت کی جانب سے بھیجا جانے والا خودکش بمبار شہر میں روپوش ہو گیا، عید الاضحی کے دن کسی اہم شخصیت یا مقام کو نشانہ بنانے کا ہدف دیا گیا ہے، گرفتاری کیلئے رینجرز اور دیگر ادارے متحرک ہو گئے
ملیر بکرا پیڑی سے گرفتار بلوچ لبریشن آرمی کے کارندے نے50 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا، پولیس پر حملوں میں بھی ملوث ہے، شاہ فیصل سے سیاسی تنظیم کا مبینہ بھتہ خور گرفتار، جوڑیا بازار سے ڈکیت پکڑے گئے
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں عید الاضحی پر سیکورٹی انتظامات انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں‘ دہشت گردوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم ‘کھالیں چھیننے والوں کی گرفتاری کیلئے بھی ہدایت جاری کردی گئیں‘ ذرائع کے مطابق کراچی میں عید الاضحی پر دہشت گردی کا خطرہ‘ حساس اداروں نے شہر میں خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع دے دی‘ دہشت گرد عید کے روز اہم شخصیت یا مقام کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے‘ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق ملکی سلامتی پر مامور حساس ادارے نے ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی مرکزی قیادت کی جانب سے ایک خودکش بمبار کراچی روانہ کیا گیا ہے جو کہ چند روز پہلے کراچی پہنچنے کے بعد نامعلوم مقام پر روپوش ہوگیا ہے‘ مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ خودکش بمبار کو ہدف دیا گیا ہے کہ عید الاضحی کے روز اہم شخصیت یا مقام کو نشانہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے‘ ذرائع نے کہا کہ حساس ادارے کی جانب سے مراسلہ موصول ہوتے ہی پولیس اور رینجرز سمیت دیگر ادارے متحرک ہوگئے ہیں اور شہر کے تمام حساس علاقوں اور کچی آبادیوں میں نگرانی سخت کردی ہے جبکہ سی ٹی ڈی سمیت دیگر ونگز خودکش بمبار کی موجودگی کا مقام جاننے کیلئے خفیہ نیٹ ورک کو فعال کرچکے ہیں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بدھ و جمعرات کی درمیانی شب مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جائیگا۔پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بلوچ لیبریشن آرمی ،لیاری ،سیاسی تنظیم اور دیگر جرائم میں ملوث زخمی سمیت14ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ 2ملیر کے ایس ایس پی جنید شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے بکرا پیڑی پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچ لیبریشن آرمی و لیاری گینگ وار ملیر کے ہلاک سرغنہ سہیل سالاری عرف ڈاڈاکے کارندے علی نواز بلوچ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکار، متحدہ قومی موومنٹ اور اپنے مخالفین گینگ وار کے کارندوں سمیت 50 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا،بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کے علاوہ چندسال قبل ملیر تھانے پر دستی بم سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکارشہید ہوگئے جبکہ نیشنل ہائی وے پر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکار فرمان کو شہید کیا تھا ۔ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ملزم نے بلوچستان سے اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کی تھی ،تاہم مزید تفتیش جاری ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروںنے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے مبینہ بھتہ خورجنید قریشی کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تاہم پولیس نے مذکورہ گرفتار ی سے لا علمی ظاہر کردی ۔سچل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان عارف ، محمد فیض ، عبدالغفار، ارشاد علی اور ایوب کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے چار ٹی ٹی پستول اوراعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی، گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے ، میٹھادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین اشتہاری ملزمان بشیر احمد،محمد عمران اور پرویز کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔کھارادر پولیس نے جوڑیا بازار میں مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم شان اسکے ساتھی محمد سلیمان ڈکیت کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ پی آئی بی کالونی پولیس نے عسکری پارک کے قریب مقا بلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ زخمی ملزم کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔شاہ فیصل کالونی پولیس نے منشیات فروش وہاب عرف پپو کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی ۔

Tags: