T20 اسکواڈ آج ون ڈے ٹیم کل زمبابوے جائیگی

September 24, 2015 2:11 pm0 commentsViews: 25

شاہد آفریدی کی قیادت میں آج قومی ٹیم براستہ دبئی ہرارے روانہ ہوگی
وکٹ کیپر سرفراز احمد فریضہ حج کی ادائیگی کے باعث T20 سیریز میں شرکت نہیں کرینگے
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کل زمبابوے روانہ ہوگی جہاں میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی20 تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد فریضہ حج کی ادائیگی کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت نہیں کرینگے۔ سرفراز احمد کے علاوہ اظہر علی، اسد شفیق، اور سعید اجمل بھی فریضہ حج کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ سعید اجمل زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ دیگر تینوں کھلاڑی سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق تین روز بعد زمبابوے کیلئے روانہ ہونگے۔ زمبابوے روانہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔ شاہد خان آفریدی کی قیادت میں ٹیم آج ہرارے جائے گی۔ کھلاڑی لاہور سے دبئی اور پھر ہرارے جائیںگے۔ جب کہ ون ڈے ٹیم کے کھلاڑی اٹھائیس ستمبر کو روانہ ہوں گے۔ قومی ٹیم 27 ستمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم اکتوبر، دوسرا میچ 3 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔

Tags: