سندھ ایک ہفتے میں بدلا ہوا نظر آئے گا، بڑے مگرمچھ گرفتار کیے جائیں گے بلدیاتی الیکشن میں خونریزی کا خطرہ آصف زرداری واپس نہیں آئینگے پیر پگارا

September 29, 2015 2:57 pm0 commentsViews: 28

پیپلزپارٹی نے 7 برس کے دوران سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کی، پنجاب بلوچستان اور کے پی کے بعدسندھ میں بھی پیپلزپارٹی کا زوال شروع ہو چکا ہے
سندھ کے کئی بڑے افسر اور وزراء ضمانت پر ہیں، کرپشن، بھتہ خوری اور مجرمانہ سرگرمیوں میں کچھ ایسے لوگ گرفتار ہونگے جو سیدھے جیل جائیں گے، پیپلزپارٹی نے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے
جنرل راحیل شریف بہادر سپہ سالار ہیں وہ ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، وزیراعظم نے کاشتکاروں کو زمین دینے کا پروگرام صرف پنجاب میں شروع کیا ہے، پیپلزپارٹی اپنی بد اعمالیوں کی وجہ سے ڈوب رہی ہے، میڈیا سے بات چیت
خیر پور، پیر جو گوٹھ( نیوز ڈیسک) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا ہے کہ آنے والے5 سے 7 دن میں سندھ بدلا ہوا نظر آئے گا۔ بڑے مگر مچھ گرفتار ہوں گے۔ کئی بڑے افسر اور صوبے کے وزراء ضمانت پر ہیں۔ کرپشن، بھتہ خوری، اور مجرمانہ سرگرمیوں میں کچھ ایسے لوگ بھی گرفتار ہوں گے جو سیدھے جیل میں جائیںِ گے۔ آصف زرداری واپس نہیں آئیں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے دھاندلیوں کے منصوبے بنائے ہیں۔ دھاندلیوں کے نتیجے میں خونریزی کا خطرہ ہے۔ درگاہ شریف پیر جو گوٹھ میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ پیر پگارا نے کہا کہ پیپلز پارٹی، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ختم ہو چکی ہے۔ اب سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کا زوال شروع ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی کرپشن اور اپنی بد اعمالیوں کی وجہ سے ڈوب رہی ہے۔ 7 برس کے دوران سندھ میں پیپلز پارٹی نے اربوں روپے کی کرپشن کی تمام سرکاری ادارے تباہ کئے۔ پیپلز پارٹی نے کرپشن اور جیالا کلچر پروان چڑھانے کے سوا سندھ کو کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی کارروائیوں پر سندھ کے عوام بہت خوش ہیں۔ کیونکہ ان سے سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ نیب ایف آئی اے اور دیگر احتسابی ادارے کچھ دنوں میں مزید سر گرم ہونگے جس کے نتیجے میں بڑے مگر مچھ پکڑے جائینگے۔ جو لوگ اب تک پکڑے گئے ہیں وہ چھوٹی مچھلیاں ہیں۔ اب مگر مچھوں کی باری آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میاں نواز شریف نے سندھ آصف زرداری کے حوالے کرنے کی مفاہمت کے تحت اپنے پرانے ساتھیوں کو ناراض کیا ہے۔ جس سے سندھ میں ن لیگ کافی پیچھے چلی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر ضمنی انتخابات کے دوران فوج لگائی جائے۔ دریں اثناء پیر جو گوٹھ میں پیر پگارا نے کہا کہ جنرل راحیل شریف بہادر سپہ سالار ہیں وہ ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کاشتکاروں کو زمین دینے کا پروگرام صرف پنجاب کے لوگوں کیلئے شروع کیا ہے۔

Tags: