خصوصی پروازوں سے حاجیوں کی وطن واپسی شروع ہو گئی

September 29, 2015 3:09 pm0 commentsViews: 17

344 حجاج کراچی،500 لاہور،325 اسلام آباد،329 پشاور پہنچ گئے
کراچی میں حاجیوں کا پرتپاک استقبال، اسلام آباد میں سخت سیکورٹی، میڈیا کا ایئرپورٹ پر داخلہ بند
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی اور نجی ایئر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کی جدہ سے پاکستان واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 2 پروازوں کے ذریعے344 حجاج کراچی، 509 حجاج لاہور جبکہ ایک پرواز کے ذریعے325 حجاج کرام اسلام آباد پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پی آئی اے کی کراچی کے لئے پہلی بعد از حج پرواز پی کے6302 جدہ سے194 حجاج کو لے کر جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اتری۔ اس موقع پر چیئر مین پی آئی اے ناصر ایس جعفری اور حاجیوں کے عزیز و اقارب نے حاجیوں کا پر تپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے بعد ازاں نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے بھی 150 سے زائد حجاج کراچی پہنچے۔ قبل ازیں پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 6304 کے ذریعے155 مسافر لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے جبکہ دوسری پرواز پی کے 6301 کے ذریعے 354 حاجیوں کی واپسی ہوئی۔ دریں اثناء پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 6312 سعودی عرب کے شہر جدہ سے بینظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد پہنچ گئی۔ پرواز نے گزشتہ رات دو بج کر 15 منٹ پر پہنچنا تھا جو3 گھنٹے کی تاخیر سے5 بج کر 10 منٹ پر بینظیر ایئر پورٹ پہنچی۔ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ غیر متعلقہ افراد اور میڈیا کے ایئر پورٹ میں داخلے پر پابندی عائد تھی۔ دریں اثناء قومی ایئر لائن کی پہلی حج پرواز 329 حاجیوں کو لے کر6 گھنٹے تاخیر سے پشاور پہنچ گئی۔

Tags: