بلدیہ عظمیٰ کے مختلف محکموں میں افسران کی تقرری و تبادلے جاری

September 29, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 26

کراچی (سٹی رپورٹر) سندھ حکومت نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فنانشل ایڈوائزر اور سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز کا تبادلہ کردیا، شعیب وقار کو فنانشل ایڈوائزر بنانے کے احکامات جاری، تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت محکمہ بلدیات نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فنانشل ایڈوائزر آفاق سعید کا تبادلہ کرکے ان کو ایڈمنسٹریٹر سیکریٹریٹ میں رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور ان کی جگہ بلدیہ کراچی کے ڈائریکٹر کو آرڈینیشن شعیب وقار کو فنانشل ایڈوائزر مقرر کردیا ہے جبکہ محکمہ لوکل ٹیکسز (ایڈور ٹائزمنٹ) کے سینئر ڈائریکٹر اختر شیخ کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے تاہم ان کی جگہ کسی افسر کو تعینات نہیں کیا گیا ہے۔

میونسپل کمشنر غربی نے ٹرنچ کھلا ہونے پر سخت نوٹس لے لیا
شکایت پر اورنگی ٹائون میں واقع ٹرنچ پر پہنچ گئے، غفلت کے مرتکب افسر کو معطل کرکے سخت کارروائی کی ہدایت کر دی
موقع پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کراکے ٹرنچ کو فوری طور پر بند کرا دیا، اسپرے کی ہدایت
کراچی(سٹی رپورٹر ) میونسپل کمشنر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے عیدالاضحی کے تیسرے روز رات گئے چاروں زونوں سے صفائی وستھرائی اور آلائیش دفنانے کے بعد ٹرنچز کو بند کرنے کے کام کا جائزہ لیا جبکہ اورنگی زون ٹرنچ کے حوالہ سے موصولہ شکایت پر انہوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جائزہ لیااور ٹرنچ کو کھلا پایا جس پرانہوں نے فوری تادیبی کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسرکو معطل کر کے سخت دفتری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی بعدازاں انہوں نے اپنی نگرانی میں ٹرنچ بند کروانے کے بعد جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کروایا موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربان گاہوں کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات جہاں قربانی کی گئی ہو چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا کام برق رفتاری سے مکمل کیا جائے۔

شہر کو ڈی ایم سیز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ ینگے، ایڈمنسٹریٹر کراچی
شہر کو صاف رکھنا سب کا فرض ہے، شہریوں کو بلا تعطل بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے
اب غفلت برتنے پر کسی افسر کو رعایت نہیں دی جائے گی، بلدیہ کا عملہ اور مشینری متحرک ہے، سجاد عباسی کی صحافیوں سے گفتگو
کراچی (سٹی رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے کہا ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کا فرض ہے شہر کو ڈی ایم سیز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، شہریوں کو ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے گا ،شہریوں کو تمام تربلدیاتی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،بہت رعایت دے دی اب کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا،غفلت و لاپرواہی برتنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں، ڈی ایم سیز کی اندرونی سڑکوں پر صفائی وستھرائی کے فقدان سے شہری متاثر ہورہے ہیں، تمام ڈی ایم سیز میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، بلدیہ کراچی کی مشینری اور عملہ متحرک ہے، وہ اپنے دفتر میں اخبار نویسوں سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر افسران کے علاوہ ملاقات کیلئے آنے والے شہری بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے کہا کہ ہم ڈی ایم سیز کے وسائل اور مسائل دونوں سے بھی بخوبی آگاہ ہیں تاہم ان تمام مسائل کے باوجود شہریوں کو ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے۔ جن علاقوں میں بہتر کام ہوئے وہاں کے عملے و افسران کو سراہا جارہا ہے لیکن جہاں غفلت و لاپرواہی نظر آرہی ہے ان کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے، اس سال گزشتہ سالوں کی نسبت 4 لاکھ 25 ہزار جانوروں کی قربانی زائد ہوئی جس کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں نے کم وسائل کے باوجود اس سال زیادہ آلائشوں کو اٹھایا ہم نے 14 لاکھ آلائشوں کا اندازہ لگایا تھا ہمارے اندازے سے 3 لاکھ اضافی قربانی ہوئی، ایڈ منسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ڈی ایم سیز کی کار کردگی مایوس کن ہے تمام ڈی ایم سیریز ہنگامی بنیادوں پر شہر کی صفائی ستھرائی کے کاموں کا آغاز کریں۔

Tags: