سرجانی ٹائون میں تعویذ گنڈے کرنے والے بابا سمیت2 افراد قتل ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

September 29, 2015 3:39 pm0 commentsViews: 37

دونوں کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں، نامعلوم ملزمان نے ٹوکے سے وار کرکے قتل کیا اور فرار ہو گئے
گھر میں مزید کہیں چار افراد رہائش پذیر تھے جو موقع پر سے غائب ہیں، پولیس ان کو تلاش کر رہی ہے
کراچی(کرائم رپورٹر)سرجانی ٹائون کے علاقے گلشن سرجانی کے مکان سے تعویز گنڈے والے بابا سمیت کی دوافراد کی لاشیں ملی ،جن کو ٹوکے کے وار سے قتل کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون کے علاقے بلاک ایچ فیز 2میں قائم گلشن سرجانی کے ایک مکان سے دو افراد کی لاشوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میںلیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،خدا کی بستی چوکی کے انچارج لعل خان نے بتایاکہ ایک کی شناخت 52سالہ صدیق ولد سکندر اور30سالہ نامعلوم کی شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول صدیق تعویز گنڈے کے علاوہ مرغی اور بکریوں کا کاروبار بھی کرتا تھا ،لعل خان کا کہنا کہ نامعلوم ملزما ن نے گھر میں گھس کر دونوں افراد کو ٹوکے کے وار سے قتل کیا ، ملزمان نے گلے ،سینے ،ہاتھ اور پائوں میں ٹوکے کے پے در پے وار کیئے ،پولیس نے بتایاکہ اس گھر میں مزید تین سے چارافراد رہائش پذیر تھے جو موقع سے غائب ہیں ،پولیس انکو بھی تلاش کررہی ہے ،پولیس نے مزید بتایاکہ علاقے کے چند افراد دوسرے نامعلوم شخص کا نام عالم بتا رہے تھے لیکن اسکی تصدیق نہیں ہوسکی ،پولیس کا کہنا ہے کہ ایک پڑوسی نے بیا ن دیا ہے کہ صدیق بابا کی اہلیہ چند سال قبل انتقال کرگئی تھی جبکہ اسکی بیٹی ہے جو شادی شدہ ہے نیوکراچی میں رہائش پذیر ہے ،پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

مختلف واقعات میں4 افراد ہلاک، 4 زخمی ہوگئے
ڈیفنس ویو کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل کر ہلاک کر دیا
ماڑی پور میں ساحل سمندر سے لاش ملی، جیکسن میں اے ایس آئی حادثے میںزخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوںمیں چھاپے،ٹارگٹڈ آپریشن اور مقابلے کے بعد زخمی سمیت17 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا، گرفتار افراد میں کالعدم تنظیم ،سیاسی اور لیاری گینگ وار کے ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں تفصیلات کے مطابق رینجر ز انٹیلی جنس نے شہر کے مختلف علاقوںمارٹن کوارٹر، لانڈھی اور سول اسپتال کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 8ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیم ،سیاسی جماعت اور لیاری گینگسٹر سے ہے،جن کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔بلوچ کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس ویو فیز ون کے قریب مقابلے کے بعد ملزم آصف سولنگی عرف آسو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے جبل گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے روڈ ماڑی پور ذوالفقار ہوٹل کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران سوزوکی کلٹس کار کو روک کرتلاشی کے دوران ایک پستول ، 10 ریپیٹر، 100 رائونڈز اور دیگر سامان برآمد کرلیاجبکہ کار میں سوار تین افراد محمد سعید، برکت اور عبدالجبار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ،ایس ایچ او اقبال کے مطابق ملزمان کا تا حال کسی تنظیم سے تعلق نہیں ثابت ہوسکا ہے اور ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مذکورہ اسلحہ لیکر جارہے تھے تاہم کس کی شادی تھی اور کہاں تھی اس حوالے سے بھی کوئی صحیح جواب نہیں دے سکے انہو ں نے کہا کہ ملزمان کو جس علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے اس سے قریب حساس علاقہ شروع ہوجاتا ہے اور اہم دفاعی دفاتر قائم ہیں اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر184/15درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ابراہیم حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کورنگی سے تین ملزمان رفیع اللہ ، عبدللہ اور حمید اللہ کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا پولیس کے مطابق ملزمان قتل سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں اور ایک ملزم ٹارگٹ کلر ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ابراہیم حیدری پولیس نے چند ماہ قبل قتل ہونے والی معینہ بی بی کے قتل میں ملوث ملزم اختر ولد علی اکبر کو گرفتار کرکے ا سلحہ برآمدکرلیا ۔شاہ فیصل کالونی پولیس نے لوٹ مار کرنے والے ملزم عبدالباسط کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمدکرلی ۔

فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد زخمی
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر میں فائرنگ کے واقعات میں چارافراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر موڑ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 43سالہ محمد صغیر زخمی ہوا جس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔شریف آباد کے علاقے غریب آباد انڈر بائی پاس کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 28سالہ محمد فیضان ولد محمد عمران کو زخمی کردیا ۔بلدیہ ٹائون کے علاقے سوات کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22سالہ آصف سلطان زخمی ہوگیا ۔منگھوپیر کے علاقے ہمدرد یونیورسٹی کے قریب نامعلوم ملزما ن کی فائرنگ سے 18سالہ شکیل ولد محمد صدیق زخمی ہوا جس کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔

مہران ٹائون میںبچوں کے جھگڑے میں پڑوسی لڑ پڑے،4 افراد زخمی
تلخ کلامی کے بعد لاٹھی اور ڈنڈوں کا استعمال، پولیس نے موقع پر پہنچ کر صلاح صفائی کرا دی
کراچی (کرائم رپورٹر) کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹائون میں بچوں کا جھگڑا بڑوں میں تبدیل ہوگیا ، لاٹھی ڈنڈوں کے وار سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹرF-6میں بچوں کا جھگڑا ہورہا تھا کہ بڑے کود پڑے ،جہاں تلخ کلامی کے بعدلاٹھی اور ڈنڈوں سے تصادم شروع ہوگیا ،اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ،جہاں پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کیا اور زخمی ہونے والے چار افراد محمد آصف ،محمد علی ‘اعظم اور راشد کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق جھگڑا پڑوسیوں کے درمیان ہوا تھا ،پولیس نے آپس میں انکی صلح صفائی کر وادی ۔

 

Tags: