چائنا کٹنگ میں پلاٹس لینے والے طلب کرلئے گئے 12 سے زائد پلاٹ مالکان کے بیانات قلمبند

September 29, 2015 3:47 pm0 commentsViews: 27

ایف آئی اے نے تفتیش شروع کردی‘ کراچی میں زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ پلاٹوں کے معاملات کی چھان بین
چائنا کٹنگ میں ملوث ایک درجن سے زائد افسران کو گرفتار کیا جاچکا ہے‘ آئندہ چند روز میں مزید گرفتاریوں کا امکان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سرکاری زمینوں پر چائنا کٹنگ میں ملوث کے ایم سی افسران سے تفتیش کے بعد چائنا کٹنگ میں پلاٹ حاصل کرنے والوں کو طلب کرلیا‘ پلاٹ حاصل کرنے والے ایک درجن سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کرلئے گئے‘ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی کی زمینوں پرقبضے اور چائنا کٹنگ پلاٹوں کے معاملات کی چھان بین کے دوسرے مرحلے میں چائنا کٹنگ کے پلاٹ حاصل کرنے والوں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ جب کہ پلاٹ حاصل کرنے والے دو سو سے زائد افراد کو طلب کرلیا گیا ہے‘ ایف آئی اے نے چائنا کٹنگ کے پلاٹوں کی15 ہزار سے زائد فائلیں کے ایم سی اور کے ڈی اے و سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتروں پر چھاپے کے دوران15ہزار سے زائد فائلیں قبضے میں لے لیں تھیں جس کی تحقیقات کے دوران اہم انکشافات ہوئے ہیں جبکہ چائنا کٹنگ میں پلاٹ حاصل کرنیوالوں نے بھی اہم انکشاف کئے ہیں ذرائع کے مطابق چائنا کٹنگ پلاٹوں کے معاملے میں کے ایم سی اور کے ڈی اے کے کئی افسران شامل ہیں کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹائون‘ لیاقت آباد‘ نارتھ کراچی‘ کورنگی‘ لانڈھی‘ شاہ فیصل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں سرکاری اراضی پر قبضہ اور ریکارڈ میں ہیر پھیر کرکے چائنا کٹنگ میں ملوث ایک درجن سے زائد افسران کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں مزید گرفتاریوں کے امکانات ہیں۔

Tags: