نیو یارک میں مودی اور نواز شریف کے مابین مسکراہٹوں کا تبادلہ

September 30, 2015 10:40 pm0 commentsViews: 27

آمنا سامنا ہوا، نواز شریف نے ہاتھ ہلانے میں پہل کی امن کانفرنس کی روداد
نیو یارک( مانیٹرنگ ڈیسک) نیو یارک امن سربراہ کانفرنس میں نواز مودی کا آمنا سامنا، ہاتھ ہلا کر ایک دوسرے کا خیر مقدم کیا۔ ہاتھ ہلانے میں پہل نواز شریف نے کی بھارتی وزیر اعظم نے درمیان میں کھڑے شخص سے ایڈجسٹ ہوکر جواب دیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی ہوتا رہا ، دونوں وزیر اعظم اقوام متحدہ کے چیمبر میں ڈیڑھ گھنٹے تک موجود رہے۔ دونوں نے ایک دوسرے کی تقریر ختم ہونے کے بعد تالیاں بجائیں۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام امن سربراہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہال میں پہلے داخل ہوئے جبکہ اس کے کچھ منٹ بعد پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف آئے ٹیبل پر بیٹھنے کے موقع کے دوران نواز شریف نے مودی کی طرف دیکھا۔ دونوں رہنمائوں کی نشستیں ایک دوسرے کے سامنے تھیں اس دوران دونوں رہنمائوں نے آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں۔ اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران یہ پہلا موقع ہے دونوں ممالک کے سربراہان ایک دوسرے کے اس طرح آمنے سامنے ہوئے۔

Tags: