اسٹاک مارکیٹ میں کروڑوں کا فراڈ‘ 2 بروکرز بھائی گرفتار دیگر جرائم و حادثات میں مزید گرفتاریاں

September 30, 2015 10:44 pm0 commentsViews: 45

ملزمان نے 90 چھوٹے سرمایہ کاروں کے 34 کروڑ 80 لاکھ کے حصص بینک فنائنسنگ کیلئے استعمال کئے تھے
اسٹاک مارکیٹ فراڈ کیس میں مزید بروکرز اور شریک بینکاروں کی گرفتاری متوقع ہے‘ نیب ذرائع
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو نے منگل کو کراچی اسٹاک کے2بروکرز بھائیوں کو سرمایہ کاروں کو 34کروڑ سے زائد کا دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا‘ چھوٹے سرمایہ کاروں کو لوٹنے‘ حصص کی قدر میں مصنوعی اتار چڑھائو سے مال بنانے‘ مالی بدعنوانی و دیگر غیر قانونی دھندوں میں ملوث بروکرز کیخلاف قومی احتساب بیورو کی تحقیقات کے آغاز اور ایشیائی ممالک کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے رجحان کے باعث منگل کو کراچی اسٹاک ایکسچینج بھی شدید گراوٹ کا شکار رہی‘ بڑے پیمانے پر فروخت کی وجہ سے شیئر کی قدر میں78.27 فیصد کی ریکارڈ کمی کے باعث سرمایہ کاروں کو 89 ارب سے زائد کا نقصان ہوا اور کے ایس ای100 انڈیکس 475.44 کی کمی سے32214.58 پوائنٹس پر بند ہوا‘ اسٹاک ماہرین نے آئندہ دنوں میں بھی مارکیٹ پر مندی کا رجحان غالب رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے‘ منگل کو نیب نے کراچی اسٹاک ایکسچینج کے بروکر اسماعیل عبدالشکور سیکورٹیز کے ڈائریکٹرز 2بھائیوں فاروق اسماعیل اورعبدالشبیر اسماعیل کو گرفتار کرلیا‘ ترجمان نیب کے مطابق ملزمان نے90 سرمایہ کاروں کے34کروڑ80لاکھ مالیت کے شیئرز فراڈ سے بینک فنانسنگ کیلئے استعمال کئے‘ تاہم سرمایہ کاروں کو شیئرز واپس کئے نہ رقم دی ذرائع کے مطابق اس ضمن میں مزید بڑے بروکرز اور دھندے میں شریک بینکاروں کی گرفتاری متوقع ہے۔

سپر ہائی وے سے چھینا گیا
کروڑوں روپے مالیت کی ادویات سے
بھرا ٹرالر کراچی سے بر آمد
کوٹری( مانیٹرنگ ڈیسک) جامشورو پولیس کا کارنامہ ، سپر ہائی وے سے چھینا گیا2 کروڑ سے زائد مالیت کی ادویات سے بھرا ٹرالر کراچی سے بر آمد، ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا، ملزمان ادویات سے بھرا ٹرالر جامشورو سے چھین کر کراچی لائے تھے۔

پولیس مقابلے میں2 زخمی
ملزمان سمیت 6 گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)ڈیفنس پولیس نے فیز ٹو میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ ومسروقہ سامان برآمد کرلیا،ملزموں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔گارڈن پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان وصی ،حفیظ اور حیا کو گرفتارکرکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول،ایک ریپٹر اور ایک رائفل گرنیڈ برآمد کرلیا۔عید گاہ پولیس نے ملزم عرفان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

داعش سے روابط پر کراچی کے2 نوجوان گرفتار
سوشل میڈیا پر شدت پسند تنظیموں کو پیغامات بھجوانے پر شاہد اور زین کو حراست میں لیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) محکمہ انسداد دہشت گردی نے سوشل میڈیا پر بین الاقوامی شدت پسند تنظیموں القاعدہ اور داعش سے رابطہ کرنے اور رکھنے والے افراد کیخلاف گھیرا تنگ کردیا‘ محکمے کے سائبر کرائم ونگ نے2 افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر متنقل کردیا‘ ذرائع کے مطابق آئی ٹی ماہرین کی ٹیم تمام ویب سائٹس پر موجود افراد کے اکائونٹ چیک کرنے کے ساتھ ان کی ای میلز بھی دیکھنے میں مصروف ہے‘ یونٹ نے ایک پیغام کو چیک کیا جس میں ایک شخص داعش سے رابطہ کررہا تھا جس پر ٹیم نے آئی پی ایڈریس حاصل کرکے ناظم آبادکے ایک مکان میں کارروائی کے بعد شاہد نامی شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ٹیم نے اسی قسم کا دوسرا پیغام دیکھتے ہوئے بوٹ بیسن کے علاقے میں کارروائی کے بعد زین نامی شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ ذرائع نے کہا کہ دو افراد ٹوئٹر پر داعش سے رابطے میں تھے۔

بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت حاصل کرنیوالے سمیت 15 ملزمان گرفتار
کورنگی سے گرفتار ملزم لئیق عرف کالا سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے سانحہ چکرا گوٹھ میں بھی نامزد ملزم ہے‘ پوچھ گچھ کی جارہی ہے
رینجرز نے شمسی سوسائٹی‘ دہلی کالونی اور ضیاء کالونی میں آپریشن کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا‘ اسلحہ اور جہادی لٹریچر برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر)پولیس اور رینجرز نے شہر میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی ایجنسی را سے تربیت حاصل کرنے والے اور سانحہ چکرا گوٹھ میں نامزد ملزم سمیت 19ملزموں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزموں کے قبضے سے اسلحہ ، آئی ای ڈیز اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کائنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ آپریشن IIکی ٹیم نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم لئیق عرف کالا کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور وہ رئیس مما نامی ملزم کی ٹیم کا اہم رکن ہے ، ملزم لئیق نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے سال 2009میں ناظم آباد پل کے نیچے سے دو بنگالیوں کو اغواء کیا تھا اور بعد ازاں ان کا قتل کردیا تھا، 2011میں کورنگی چکرا گوٹھ سانحے میں بھی ملوث تھا اور نامزد ملزم تھا ،2008میں کٹی پہاڑی پر 7پٹھانوں کو قتل کیا ، ملزم نے دوران تفتیش 23سے25ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ، ملزم نے بتایا اس کے ساتھ وارداتوں میں ساجد کوبرا، حامد عرف بلا،جنید عرف بل ڈاگ، رئیس عرف مما، اعجاز عرف کالا اور اعجاز گورچانی شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے سال2009میں بھارت سے ٹریننگ حاصل کی اور وہ راجھستان کے بارڈر ایریا سے نیپال گیا جہاں دشمن ملک کی ایجنسی را سے اس نے ٹریننگ حاصل کی ، پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں شمسی سوسائٹی ، دہلی کالونی اور ضیا کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 7ملزموں کو گرفتار کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد میں کالعدم تنظیم کے ارکان اور ڈکیت شامل ہیں جن کے قبضے سے ایس ایم جیز، آئی ای ڈیز، گرنیڈ، ڈیٹونیٹر کورڈ ، ڈیٹونیٹر، الیکٹرک سوئچ، نٹ بولٹس اور جہادی لٹریچر برآمد ہوا ، ملزموں کونا معلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا، ذرائع کے مطابق ملزمان کورنگی ، ابراہیم حیدری سمیت دیگر مقاما ت پو پولیس اہلکاروں پر حملے اور انکے قتل میں ملوث ہیں جبکہ دہشتگردی کے دیگر واقعات میں بھی انکی وابستگی ہے جن کو نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا، متعلقہ تھانے کی پولیس اور رینجرز ترجمان کی جانب سے مذکورہ گرفتاری پر لاعلمی کا اظہار کیا گیا۔

لیاقت آباد سی ون ایریا میں سرچ آپریشن، 4افراد گرفتار
علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی،گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا
عوامی کالونی پولیس نے دو ماہ قبل اپنے رشتہ دار کو قتل کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا
گلستان جوہر سے مقابلے کے بعد کارلفٹر گروپ کے دوکارندے گرفتار، چھینی گئی کار بھی پکڑی گئی
کراچی( کرائم رپورٹر)پولیس نے لیاقت آباد سی ون ایریا میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ، تفصیلات کے مطابق سپرمارکیٹ پولیس نے لیاقت آباد سی ون ایریا میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پیر اور منگل کی درمیانی شب ٹارگٹڈ آپریشن کیا ، پولیس نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا اور اس دوران کسی بھی شخص کو علاقے میں داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، پولیس نے آپریشن کے دوران چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی، عوامی کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم وکیل خان کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، اس سلسلے میں ایس ایچ او خالد عباسی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم وکیل نے دو ماہ قبل عوامی کالونی کے علاقے میں اپنے رشتہ دار خوشی محمد کو خاندانی دشمنی کی بناء پر قتل کیا تھا ، گرفتار ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے ، گلستان جوہر پولیس نے بلاک 1 میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد کار لفٹر گروپ کے دو کارندے امداد علی اور علی حسن خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے چھینی گئی کار نمبر BDQ-617 اور اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

اورنگی ٹائون سے خاتون کی لاش ملنے پر شوہر گرفتار
سیکٹرساڑھے گیارہ میں محمودہ زوجہ عبدالجبار گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی
بھائی نے شوہر پر بہن کے قتل کا الزام لگادیا، لاش پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل
کراچی(کرائم رپورٹر)اورنگی ٹائون میں گھر سے خاتون کی لاش ملی ، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر لاش کو قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال بھیج دیا، تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ ایڈ مور پیٹرول پمپ کے عقب میں رہائش پذیر 55 سالہ محمودہ زوجہ عبدالجبار کی لاش ملی ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شوہر عبدالجبار کو حراست میں لے لاش کو قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، اس سلسلے میں ایس ایچ او اعجاز احمد پٹھان کے مطابق متوفیہ 10 روز سے بیمار تھی اور شوہر نے بھائیوں کو اطلاع کی کہ آکر بہن کو دیکھ لیں جب بھائی پہنچے تو بہن مر چکی تھی ‘پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے تحت عباسی شہید اسپتال منتقل کردی۔

حیدرآباد، ٹرین بوگی سے قربانی کی کھالیں برآمد، ملزم گرفتار
زبردستی چھینی گئی کھالوں کو ٹرین کی ناکارہ بوگی میں چھپا یا گیا تھا
رینجرز نے چھاپہ مار کر کھالوں کو نمک دینے والے شخص کو حراست میں لیا، پوچھ گچھ جاری
حیدر آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) حالی روڈ تھانے کی حدود میں رینجرز امریکن کوارٹرز کے قریب ریلوے لوکوشیڈ میں چھاپہ مار کر ریلوے کی ناکارہ بوگی میں چھپائی گئی سو سے زائد قربانی کی کھالیں برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ‘ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے قربانی کی کھالوں کے حوالے سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور زبردستی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ہدایت کے تحت رینجرز اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر منگل کو حالی روڈ تھانے کی حدود امریکن کوارٹرز کے قریب ریلوے لوکوشیڈ ایریا میں چھاپہ مار کر ایک ناکارہ بوگی میں چھپائی گئی سو سے زائد کھالیں تحویل میں لے کر کھالوں کو نمک لگانے والے شخص کو گرفتار کرکے رینجرز ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا۔

Tags: